لیسکو چیف کی تعیناتی کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

جمعرات 11 اپریل 2019 16:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) کے چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی تعیناتی کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ جسٹس عاصم حفیظ نے شہری یاسر گجر کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

شہری نے لیسکو چیف کی تعیناتی چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ قانون کے مطابق لیسکو چیف کے عہدے پر صرف الیکٹرک انجینئر ہی تعینات ہو سکتا ہے،مجاہد پرویز چٹھہ الیکٹریکل نہیں بلکہ مکینیکل میں بیچلر کی ڈگری رکھتے ہیں،جولائی 2018ء میں مجاہد چٹھہ کو غیرقانونی ترقی دی گئی تاکہ انہیں لیسکو چیف لگایا جا سکے،مجاہد چٹھہ کو سیاسی وابستگی ہونے کی بنیاد پر لیسکو چیف تعینات کیا گیا ہے۔

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے ۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ۔