او آئی سی کی طرف سے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کا اعتراف بڑا اعزاز ہے،رہنما منہاج القرآن

جمعرات 11 اپریل 2019 19:20

او آئی سی کی طرف سے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کا اعتراف بڑا اعزاز ..
لاہور۔11اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی راہنماؤں خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں ،جی ایم ملک ،انجینئر رفیق نجم اور نوراللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں ہے کہا ہے کہ عالم اسلام کے سب سے بڑے ادارے او آئی سی کی طرف سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج القرآن کی عالمگیر علمی خدمات کا متفقہ قرارداد کے ذریعے اعتراف قابل ستائش ہے، بلاشبہ یہ منہاج القرآن کا نہیں بلکہ پاکستان کا اعزازہے،ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالم اسلام کو ایک نئی سمت دکھائی،خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ڈ اکٹر محمد طاہر القادری کی صورت میں ایک ایسی شخصیت ہم میں موجود ہے جو نہ صرف عالم اسلام کے مسائل کو سمجھتی ہے بلکہ ان مسائل کو اجاگر کرنے کے سلیقہ اور حل دینے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خاں نے کہا کہ بالآخر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا بیانیہ امت مسلمہ کا بیانیہ بن چکا ہے۔ ریاض سعودی عرب میں ہونے والے اوآئی سی کے اجلاس کے اختتام پر شیخ الاسلام کے مرتب کردہ کاؤنٹر ٹیررازم اور فروغ امن نصاب سے استفادہ کرنے کی قرار داد کی منظوری ایک بڑا اعزاز ہے، انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری شرق وغرب اور عرب و عجم میں علمی و انسانی خدمات کی وجہ سے یکساں مقبول ہیں، جی ایم ملک نے کہا کہ متفقہ قرارداد میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرنا ان کی نصف صدی کی بے لوث ،دینی، علمی خدمات کا باوقار اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان کی واحد شخصیت ہیں جن کی علمی وجاہت اور خدمات کا اعتراف اسلامی و غیر اسلامی دنیا کر رہی ہے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری دو روز ریاض میں او آئی سی کے اجلاس میں شریک رہے اور دونوں روز پاکستان میں وہ سوشل میڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ میں رہے یہ پڑھے لکھے پاکستانیوں کا ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے محبت کا شاندار اظہار ہے۔