ٰسی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم جنداللہ کے دہشت گردمحمد اسحاق عرف گل کو کراچی سے گرفتار کرلیا

جمعرات 11 اپریل 2019 20:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2019ء) سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم جنداللہ کے دہشت گردمحمد اسحاق عرف گل کو کراچی سے گرفتار کرلیا دہشت گرد کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور 2 دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ملزم پولیس کی ریڈبک میں شامل اور انتہائی مطلوب دہشت گرد ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد اسحاق نے افغانستان سے تربیت حاصل کی اور 2006 سے دہشت گرد تنظیم جنداللہ کے لئے کام کررہا ہے۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا کو جاری اعلامیے میں بتایا کہ محمد اسحاق کراچی کے علاقوں راشد منہاس روڈ اور ملیر سعود آباد میں بینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے، گرفتار دہشت گرد نے 2007 میں ڈیفنس کے علاقے سے ایک تاجر اور گرین ٹائون ایئر پورٹ کے قریب سے ایک پروفیسر کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا۔

(جاری ہے)

2008 میں شاہ لطیف ٹائون میں پولیس مقابلے کے دوران فرار ہوکر افغانستان میں روپوش ہو گیا تھا۔

اور اب افغانستان سے بلوچستان اور سندھ سے ہوتے ہوئیکراچی پہنچا تھا اور کراچی میں بڑی دہشت گرد کارروائی کے لیے آیا تھا، محمد اسحاق پاپوش کا رہائشی اور لشکر جھنگوی کے امیر عطا الرحمان عرف نعیم کا پڑوسی تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ محمد اسحٰق سے تفتیش جاری ہے اور مزید بھی انکشافات متوقع ہیں۔واضح رہے کہ 2003 اور2004 میں کالعدم تنظیم القاعدہ کے کمانڈر حمزہ جوفی عرف حاجی ممتاز نے وزیرستان میں کالعدم تنظیم جنداللہ بنیاد رکھی تھی کالعدم تنظیم جنداللہ کراچی میں مقامی ہوٹل کے باہر بم دھماکے، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے، پاکستان امریکن کلچر سینٹر کے باہر بم دھماکے، گلستان جوہر پولیس اسٹیشن پر حملے، رینجرز موبائل پر حملے، کور کمانڈر کراچی پر حملے، فنڈز کے لیے بینک ڈکیتیاں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتیں، 2009 میں عاشورہ جلوس میں بم دھماکے میں ملوث ہے۔