ملک کو موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے،سید مصطفی کمال

حکومتی وزراء بنا سوچے سمجھے کوئی بھی بیان دے دیتے ہیں، ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا گیا ہے،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 11 اپریل 2019 22:47

ملک کو موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2019ء) پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے گزشتہ شب یوسی 20 لانڈھی ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم کے تحت عوامی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، حکومتی وزراء بنا سوچے سمجھے کوئی بھی بیان دے دیتے ہیں، ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا گیا ہے۔

لوگوں کا کاروبار ختم ہو کر رہ گیا ہے، گھروں میں کھانے کے لیے نہیں ہے، مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ ایک طرف دنیا بھر کے لوگوں کو دعوت دی جا رہی ہے کہ وہ پاکستان آئیں اور انویسٹمنٹ کریں جبکہ دوسری جانب وزیر خارجہ یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت اس ماہ حملہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان حالات میں بیرون ملک سرمایہ کاری تو دور مقامی سرمایہ کار بھی اپنا پیسہ کاروبار سے نکال کر محفوظ کرنے کی کوشش میں لگ گئے ہیں۔

حکومت میں نظم و ضبط نام کی کوئی چیز نہیں، وزراء بھی تذبذب کا شکار ہیں، کسی کو کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ کرنا کیا ہے۔ حکومت کی کسی معاملے پر مضبوط گرفت نظر نہیں آتی، حکومت پاکستان کو بھارت میں ایک بزرگ شہری پر گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں تشدد اور خنزیر کا گوشت کھلانے پر بھارتی مندوب کو بلا کر مسلمان اکلیتوں پر ہونے والے مسلسل مظالم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے تھی تاکہ دشمن کو بھی پتا ہو کہ حکومت پاکستان غفلت کی نیند نہیں سو رہی بلکہ مسلمانوں کے خلاف مظالم پر انکا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھائے گی لیکن اس کے برعکس حکومت اقتدار ملنے سے پہلے ماضی میں جو دعوے کیا کرتی تھی وہ صرف زبانی جمع خرچ ثابت ہوا ہے، عملی میدان میں حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام نظر آتی ہے بالخصوص معاشی محاذ پر درپیش چیلنجز میں حکومت کی ناقص حکمت عملی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

پاک سرزمین پارٹی ابھی اقتدار میں نہیں آئی لیکن ابھی سے اس کی تیاری کر رہی ہے کہ اگر ہمیں اقتدار ملا تو کیا کام کیسے اور کون کرے گا۔ جس کے بر عکس موجودہ حکومت کی کارکردگی دیکھ کر لگتا ہے کہ حکمرانوں نے اپوزیشن میں رہ کر سالوں صرف اور صرف شور شرابہ کیا ہے، بطور اپوزیشن کبھی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔ اس موقع پر وہاں موجود عوام نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کو پی ایس پی کا نظریہ گھر گھر پہنچانے اور اپنا بھرپور ساتھ دینے کا یقین دلایا۔