کرپشن تو میاں صاحب کے قریب سے بھی نہیں گزری

نواز شریف کا چہرہ چمکتا ہوا اور شاداب ہے کیونکہ وہ کرپٹ نہیں ہیں۔ سابق صدر ممنون حسین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ اپریل 12:18

کرپشن تو میاں صاحب کے قریب سے بھی نہیں گزری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اپریل 2019ء) : سابق صدر ممنون حسین نے نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن تو میاں نواز شریف کے پاس سے بھی نہیں گزری۔ انہوں نے کہاکہ میں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کرپشن کرنے والوں کے چہروں پر نحوست ہوتی ہے۔ آپ اگر نواز شریف کا چہرہ دیکھیں تو ان کا چہرہ انتہائی شاداب اور چمکتا ہوا چہرہ ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے کبھی کرپشن نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں الزامات کی سیاست چل رہی ہے اور مخالفین اپنے دل کی بھڑاس نکال رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ممنون حسین مسلم لیگ ن کے دور میں صدر کے عہدے پر فائز تھے۔ ممنون حسین کو سابق وزیراعظم نواز شریف کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران بھی ممنون حسین ان سے ملاقات کے لیے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا تھا کہ ہم نواز شریف سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ہمارا نواز شریف سے تعلق ہے ، ان کی صحت اتنی اچھی نہیں تھی۔ میری دعا ہے کہ میاں صاحب آج ہی باہر آ جائیں، میاں صاحب کو اللہ کی طرف سے انصاف ضرور ملے گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں موجودہ حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان ملک کو ٹھیک طرح نہیں چلا رہے۔ انہیں چاہئیے کہ وہ پہلے ملک کی معیشت کو ٹھیک کریں اور موجودہ صدر کے بارے میں مجھے علم نہیں ہے۔