آئی ایم ایف پیکج سے متعلق حکومت کا یوٹرن قابل مذمت ہے، رضا ربانی

آئی ایم ایف پیکیج کا مقصد پاک چین اقتصادی راہ داری سے دستبرداری ہے، چیئر مین سینٹ آئی ایم ایف پیکیج پاکستان میں بین الاقوامی سامراجی قوتوں کی مداخلت یقینی بنائے گا، بیان

جمعہ 12 اپریل 2019 16:30

آئی ایم ایف پیکج سے متعلق حکومت کا یوٹرن قابل مذمت ہے، رضا ربانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2019ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پیکج سے متعلق حکومت کا یوٹرن قابل مذمت ہے،آئی ایم ایف پیکیج کا مقصد پاک چین اقتصادی راہ داری سے دستبرداری ہے۔ایک بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، آئی ایم ایف پیکیج کا مقصد پاک چین اقتصادی راہ داری سے دست برداری ہے۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوا جس نے عام آدمی کی کمر توڑدی ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان کا قرضہ کئی گنا بڑھ گیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے وزیر خارجہ کہہ چکے ہیں کہ چین کے اتحادیوں کی امداد بند کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف پیکیج پاکستان میں بین الاقوامی سامراجی قوتوں کی مداخلت یقینی بنائے گا۔رضا ربانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سے متعلق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو بریفنگ نہیں دی گئی، پارلیمنٹ قراداد منظور کرے کہ حکومت آئی ایم ایف سے معاہدے کی پارلیمنٹ سے توثیق کرائے۔