Live Updates

نیب ملک میں آزادانہ طور پر اپنا کام کر رہا ہے‘ نظام کو بہتر طریقے سے چلانے اور معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کسی سیاسی دبائو کے بغیر اپنے اختیارات استعمال کر رہا ہے

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 12 اپریل 2019 17:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ملک میں آزادانہ طور پر اپنا کام کر رہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظام کو بہتر طریقے سے چلانے اور معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کسی سیاسی دبائو کے بغیر اپنے اختیارات استعمال کر رہا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف بلاوجہ شور شرابہ کر رہی ہے اور اپوزیشن بنچوں پر بیٹھی جماعتیں یہ عمل ایسے ہی جاری رکھیں گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وزیراعظم عمران خان کا ایک صاف و شفاف پس منظر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے خاندان نے بیرون ملک سے لاکھوں ڈالر وصول کیے، ان پیسوں سے شریف خاندان نے کمپنیاں بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے اثاثوں کے حوالے سے شریف خاندان کو قومی احتساب بیورو (نیب) کو جواب دینا پڑے گا۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ حسین نواز نے بھی اربوں روپے سے زمین خریدی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عمل کے بعد حمزہ شہباز کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات