پولیس اور عوام کے درمیان معاونت کا رشتہ مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، سیف اللہ خٹک

جمعہ 12 اپریل 2019 18:44

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2019ء) عوام کی جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے ،کرائم کے خاتمہ اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پولیس اور عوام کے درمیان معاونت کا رشتہ مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ،ڈکیتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی آفس کبیروالا میں ایس ایس پی (آرآئی بی ) سیف اللہ خٹک ،ڈی ایس پی سرکل کبیروالا مہر وسیم احمد سیال کے ہمراہ سرکل کبیروالاکے تھانوں میں درج ڈکیتی کے مقدمات کی سماعت کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے بتایا کہ سرکل کبیروالاکے پولیس تھانوں میں درج ڈکیتی کے مقدمات کی سماعت کرنے کا مقصد مقدمات کے تفتیشی افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا،مقدمات کے مدعیوں کی اب تک ہونیوالی تفتیش پر رائے لینااور ایسے مقدمات ،جن میں ملوث ملزمان ،اب تک ٹریس نہ ہوسکیں ،ان کی تفتیش میں مزید تیزی لانا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس پی (آرآئی بی ) سیف اللہ خٹک ،ڈی ایس پی سرکل کبیروالا مہر وسیم احمد سیال کے ہمراہ سرکل کبیروالاکے تھانوں عبدالحکیم،نواں شہر،حویلی کورنگا،صدر کبیروالا،سرائے سدھو ،سٹی کبیروالا اور 12میل میں درج مقدمات کی سماعت کی اور حسب ضرور ت احکامات دئیے اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز چوہدری حق نواز،محمد افضل مہار،ملک نثار ،حسن کیانی،سعید سیال،رانا عبدالحئی ،سعد بن سعید سندھو سے ان کے تھانوں میں درج ڈکیتی کے مقدمات،تفتیش میں پیشرفت،ملزمان کی گرفتاریوں کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں ۔