سینئر جی ایم مارکیٹنگ پی سی بی صہیب شیخ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ کامل خان نے استعفی دیدیا

سوشل میڈیا پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شاندار انداز میں خراج تحسین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 اپریل 2019 18:12

سینئر جی ایم مارکیٹنگ پی سی بی صہیب شیخ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ کامل ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اپریل2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ کامل خان نے عہدے سے استعفی دیدیا ہے ، ڈائریکٹر سکیورٹی اینڈ ویجیلینس کرنل ریٹائرڈ اعظم بھی پی سی بی کو چھوڑ دینے والوں میں شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی بتدریج پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں لاتے ہوئے نئی انتظامی ٹیم متعارف کروانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئندہ چند روز میں مزید عہدیداروں کی رخصتی کا امکان ہے۔

ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہم صہیب شیخ اور کامل خان کے اس فیصلے کی قدر کرتے ہیں اور گزشتہ 4سال کے دوران پی سی بی کے لیے ان کے عزم اور کوششوں کو سہراہتے ہیں ،ہم پاکستان سپر لیگ کی ترقی میں بھی ان کے کردارپر شکریہ ادا کرتے ہیں ،پی ایس ایل اب دنیا کی کامیاب ترین لیگز میں سے ایک ہے ۔

(جاری ہے)

سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ کامل خان نے سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ ملکر پاکستان سپر لیگ کو لانچ کرنے اور اپنے قدموں پرکھڑا کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا ۔

پی سی بی کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے صہیب شیخ اور کامل خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔