Live Updates

پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، خدانخواستہ آج بھی ٹوٹے گا،بلاول

18ویں ترمیم ختم کرکےون یونٹ نہیں بننے دیں گے،ایمنسٹی اسکیم کا مخالف کٹھ پتلی اب کونسا کالادھن سفید کرنا چاہتا ہے؟ قرض لینے سے پہلے ہی آئی ایم ایف کی ہرشرط مان لی، کوئٹہ میں دھماکا ہوا لیکن وزیرداخلہ عمران خان ابھی تک وہاں نہیں پہنچا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا گھوٹکی میں عوامی جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 12 اپریل 2019 19:55

پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، خدانخواستہ آج بھی ٹوٹے گا،بلاول
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 اپریل 2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، خدانخواستہ آج بھی ٹوٹے گا، ایمنسٹی اسکیم کا مخالف کٹھ پتلی اب کونسا کالادھن سفید کرنا چاہتا ہے؟ قرض لینے سے پہلے ہی آئی ایم ایف کی ہرشرط مان لی، کوئٹہ میں دھماکا ہوا، وزیرداخلہ عمران خان ابھی تک نہیں پہنچا۔

انہوں نے آج گھوٹکی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں دھماکا ہوا، لیکن ابھی تک ہمارا وزیرداخلہ کوئٹہ نہیں پہنچا، انہوں نے کہا کہ ایک طرف گرمی بڑھتی جارہی ہے دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بڑھتا جا رہا ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، کارخانے بند ، مزدور بدحالی کی زندگی گزار رہے ہیں، حاری جو اناج پیدا کرتا ہے وہ نوالے کو ترس رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے بڑا عذاب کیا ہوگا کہ زرعی ملک کے لیے وزیرخزانہ اس کوبنایا گیا جس کو زراعت کو کچھ پتا نہیں ہے، یہ بھی کہتا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکلیں گی۔یہ ایسی حکومت ہے جو سال میں تین بجٹ دیتے لیکن آتا ، بجلی، گیس مہنگی ، ادویات بھی مہنگی ہیں، اگر کوئی بیمارہے کہ توانصاف کہتا ہے کہ تم مر جاؤ، انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کو نہیں غریب کو ختم کررہے ہیں، یہ نااہل لوگوں کا ٹولہ ہے، ان سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، اس کٹھ پتلی نے کہا تھا کہ وہ قرض نہیں لے گا کہ اس ملکی سلامتی پر آنچ آتی ہے، اس نے کہا کہ خود کشی کرلوں گا مگر آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، لیکن آج بھیک مانگتا پھر رہا ہے، قرض لینے سے پہلے آئی ایم ایف کی ہر شرط مان لی، ڈالر مہنگا، بجلی گیس مہنگی کردی۔

اس کٹھ پتلی نے کہا تھا کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بنائے گا لیکن آج ہمارے روزگار ڈگریاں ہاتھ میں لے کرذلیل ورسوا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم ٹیکس دینے والے کے منہ پرطمانچہ ہے، خان صاحب بتاؤ آپ اس اسکیم سے کس کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہو؟ اپنی آف شور کمپنی کا، علیمہ باجی کی مشین سے بننے والی جائیداد ، جہانگیرترین ، علیم خان کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہو؟ یہ نہ صرف جھوٹے اور بدنیت ہیں بلکہ منافق ہیں۔

بلاول نے کہا کہ عوام ان کی منافقت سے آگاہ رہیں، یہ اٹھارویں ترمیم پر قبضہ کرکے تمام صوبوں کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے چاہتے ہیں، یہ ون یونٹ بنانا چاہتے ہیں، یہ فیڈریشن کو توڑنا چاہتے ہیں، پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، آج بھی خدانخواستہ ون یونٹ سے ملک ٹوٹے گا۔ یہ شہید ذوالفقار بھٹو کے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی آمروں کے کالے قانون کو ختم کرنا چاہتی تھیں، ہم اس قانون پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔جب شہید بی بی نے 2008ء میں ملک سنبھالا تو دہشتگردی کا شکار ملک تھا، لیکن ہم نے عوام کو ان کے وسائل کا مالک بنایا، عوامی مسائل حل کیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات