معذوری الاونس حاصل کرنے کے لیے 12سال سے معذوری کا ڈراما کرنے والا شخص پکڑا گیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 12 اپریل 2019 23:41

معذوری الاونس حاصل کرنے کے لیے 12سال سے معذوری کا ڈراما کرنے والا شخص ..
اٹلی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو 12 سال پہلے  ایک جعلی کار ایکسیڈنٹ کے بعد سب  کو  اپنی چلنے پھرنے سے معذوری کا  یقین دلانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اب یہ دھوکا سب کے سامنے آ گیا ہے۔
روبرٹو گوگلیلمی نے 12 سال تک ڈاکٹروں ، اپنے ہمسایوں اور حتیٰ کہ پوپ  سمیت سب کو بے وقوف بنایا۔انہوں نے سب کویقین دلایا کہ وہ چل نہیں سکتے۔ 2007ء میں روبرٹو نے منصوبہ بنایا کہ  خود کو معذور ظاہر کر کے حکومت  سے الاؤنس حاصل کریں گے۔

اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انہیں ایک ساتھی کی ضرورت تھی۔  شریک جرم بنانے کےلیے اُن کی نظر اپنے کرائے دار پر پڑی۔ انہوں نے کرائے دار کو پیش کش کی کہ اگر وہ  انہیں  گلی سے گزرتے ہوئے گاڑی سے ٹکر مارنے  کا ڈراما  کرے تو وہ پچھلے   کرائے کی مد میں واجب الوصول رقم بھول جائیں گے۔

(جاری ہے)

کرائے دار راضی ہوگیا اور سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوگیا۔

روبرٹو نے معذور ی کے جعلی سرٹیفکیکٹ بنوا لیے۔فلورنس سے تعلق رکھنے والے  روبرٹو کی کہانی میں سب سے اہم چیز طویل عرصے تک سب کو بے وقوف بنانا ہے۔ڈاکٹروں نے اُن کا معائنہ کیا تو انہیں چلنے پھرنے سے معذور پایا۔
مقدمے کے دوران وکیل نےبتایا کہ روبرٹو اپنی ٹانگوں میں سُن کرنے والی دوا لائیڈوکین کا انجکشن لگاتے تھے۔ گھرسے باہر جاتے تو وہ وہیل چیئر کا استعمال کرتے۔

دس سالوں تک کسی کو اُن پر شک نہ ہوا حالانکہ وہ مکمل طور پر صحت مند تھے اور گھر میں ٹانگوں کا استعمال کرتے تھے۔ دوسروں کو دھوکہ دینے والے عام پر زیادہ لوگوں کی نظروں میں آنا پسند نہیں کرتے لیکن روبرٹو کو خود پر کافی یقین تھا، وہ لوگوں کی نظروں میں آنے والی حرکتیں کرتے رہے۔ 2013 میں انہوں نے کامیابی سے ایک مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فلورینٹائن ڈیموکریٹک پارٹی پر الزام لگایا کہ وہ انہیں مقامی الیکشن میں ووٹ کاحق استعمال کرنے سے روک رہی ہے۔

2014 میں انہوں نے پوپ کو ایک متاثر کُن خط لکھا۔ پوپ نے انہیں ٹیلی فون کیا اور ویٹیکن آنے کی دعوت دی۔ 2015 کی ایک تصویر میں روبرٹو کو پوپ فرانسس کے ہاتھ کو چومتے دکھایا گیا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے اُن کا خیال رکھنے والے ایک سابقہ کیئر ٹیکر نے انہیں چلتے دیکھ لیا اور حکام کو مطلع کر دیا۔ اس کے بعد جاسوسوں کی ایک ٹیم نے پتا چلالیا کہ روبرٹو دوہری زندگی گزار رہے ہیں۔

روبرٹو فلورنس میں تو وہیل چیئر پر دکھائی دیتے لیکن دوسرے شہروں میں وہ عام انسانوں کی طرح چلتے پھرتے تھے۔
پولیس نے اُن کے ٹانگوں پر چلنے کی فوٹیج ریکارڈ کی تو انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ ٹوگو سے چھٹیاں گزار کر واپس آئے تو انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ وہ جہاز کی سیڑھیوں سے اپنی ٹانگوں سے اترے تھے، جس وقت انہیں ہتھکڑی لگائی گئی وہ کھڑے تھے۔


حکام نے روبرٹو پر دھوکے سے 1 لاکھ 37 ہزار یورو ہتھیانے کا الزام لگایا ہے۔
روبرٹو کی گرفتاری کی خبر وائرل ہوئی تومعلوم ہوا کہ وہ دوسرے لوگوں کو بھی دھوکہ دیتے تھے۔ سوشل میڈیا پر اُن سے ماضی میں ملنے والے کچھ لوگوں نے بتایا کہ وہ اُن سے کونسلر، انڈرسیکرٹری، پولیس مین یا  جنرل کے دوست بن کر ملے تھے۔