Live Updates

نجی ٹی وی اینکر نے بی آر ٹی منصوبے میں ایک اور خامی کی نشاندہی کر دی

صوبائی وزیر کی جانب سے اس کے جواب میں وضاحت کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 اپریل 2019 12:01

نجی ٹی وی اینکر نے بی آر ٹی منصوبے میں ایک اور خامی کی نشاندہی کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اپریل 2019ء) ایک معروف نجی ٹی وی کے اینکر منصور علی خان جو پہلے سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے، اور اب موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھی بات کرتے رہتے ہیں۔ منصور علی خان نے موجودہ حکومت کو تنقید کی زد پر لینے کے دوران وزیر اعظم کو ’میرے کپتان‘ کہنے پر بھی خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ منصور علی نے طویل عرصہ سے التوا کے شکار منصوبے پشاور کی بی آر ٹی بس سروس میں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے ساتھ سفر کرتے ہوئے اُن سے سوال کیا کہ اس بس میں شیشے لگے نہیں، دروازے لگے نہیں، اور چھت پہلے بنا دی۔

جس کے جواب میں شوکت یوسف زئی نے کہا، اصل میں ان کا اپنا ایک سسٹم ہے۔ پہلے شیشہ نہیں لگتا، پہلے ڈھانچہ کھڑا ہوتا ہے۔ لوگ باہر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

منصور علی خان کے سوال کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے تُکا قرار دیتے ہوئے شوکت یوسف زئی کی بات کو ٹھیک قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کہ گزشتہ روز بھی بی آر ٹی کے حوالے سے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ گیس پائپ لائن کو ہٹائے بنا عوام کیلئے تعمیر کردہ انڈر پاس کھول دیا گیا۔

اس منصوبے کی لاگت میں ہوشربا اضافہ کے علاوہ اس میں اب تک کئی سنگین تکنیکی خامیاں سامنے آچکی ہیں۔ کبھی منصوبے کے ٹریک کو تعمیر کے بعد اکھاڑنا پڑتا ہے، تو کبھی تعمیر شدہ اسٹیشنز میں اکھاڑ پچھاڑ کرنا پڑتی ہے۔ ابتدائی طور پر پشاور بی آر ٹی منصوبے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود منصوبہ اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔

اس تاخیر کے باعث منصوبے کی کل لاگت میں اربوں روپے کا اضافہ بھی ہوا ہے۔ جبکہ اب منصوبے کی ایک اور تکنیکی خرابی سامنے آئی ہے۔ منصوبے کے تحت عوام کی گزر گاہ کے طور پر تیار کردہ انڈر پاس کو کھول دیا گیا ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ انڈر پاس کے عین درمیان سے گیس پائپ لائن گزر رہی ہے۔منصوبے کے انجینئر نے بنا اس تکنیکی خرابی کو دور کیے انڈر پاس عوام کیلئے کھول دیا ہے۔

اس سنگین تکنیکی خرابی پر صوبائی حکومت کو شدید تنقید کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے عوام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تازہ ترین تصاویر دیکھنے کے بعد عوام بی آر ٹی پشاور منصوبے کو تحریک انصاف کی حکومت کی بدترین نااہلی قرار دے رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات