نیب قانون کے تحت نجی کمپنی کے معاملات پر احتساب بیورو کارروائی نہیں کرسکتا،آصف زر داری نے جواب ہائیکورٹ میں جمع کرادیا

میرا اور بلاول بھٹو کا پارتھینون کمپنی سے کوئی تعلق نہیں، پارک لین کمپنی میں ایک چھوٹا شراکت دار ہوں،جواب میں موقف

ہفتہ 13 اپریل 2019 15:04

نیب قانون کے تحت نجی کمپنی کے معاملات پر احتساب بیورو کارروائی نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زر داری نے جعلی بینک اکاونٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ پارک لین کمپنی کیس پر نیب کا دائرہ اختیار نہیں، نیب قانون کے تحت نجی کمپنی کے معاملات پر احتساب بیورو کارروائی نہیں کرسکتا۔

سابق صدر نے پارک لین کمپنی اور بلٹ پروف گاڑیوں کے نوٹسز کا جواب نیب ٹیم کے حوالے کر دیا۔ آصف زرداری نے 55 سوالوں کے تحریری جواب دے دیئے۔

(جاری ہے)

جواب میں کہا گیا کہ پارتھینون کمپنی کو نیشنل بینک کے ڈیڑھ ارب روپے قرض کا علم نہیں، پارک لین کمپنی 1989 میں صدرالدین ہاشوانی سے خریدی، اقبال میمن، کم عمر بلاول، رحمت اللہ، محمد یونس، الطاف حسین میرے شراکت دار تھے۔آصف زرداری نے جواب میں کہا کہ پارک لین کمپنی میں صرف 25 فیصد حصص کا مالک تھا، صدر بننے سے پہلے یکم ستمبر 2008 کو کمپنی ڈائریکٹرشپ سے مستعفی ہوا، میرا اور بلاول بھٹو کا پارتھینون کمپنی سے کوئی تعلق نہیں، پارک لین کمپنی میں ایک چھوٹا شراکت دار ہوں، نجی کمپنی سے متعلق نیب کا سوالنامہ اختیارات سے تجاوز ہے۔