سینیٹر سرا ج الحق کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری

ہفتہ 13 اپریل 2019 19:12

سینیٹر سرا ج الحق کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کو جماعت اسلامی کے دوبارہ امیر منتخب ہونے پر سیاسی و سماجی شخصیات کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی ، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجا ظفر الحق نے سینیٹر سراج الحق کو فون کر کے انہیں دوسری بار جماعت اسلامی کے امیر منتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے آپ پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کر کے آپ کے ساتھ اپنی محبت کا ثبوت دیاہے ۔

انہوںنے کہاکہ بلاشبہ جماعت اسلامی کا ملک کی دینی و سیاسی جماعتوں میں اس حوالے سے منفردمقام حاصل ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اپنے امیر کی اطاعت و فرمانبرداری کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی ملک و ملت کے لیے خدمات قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ۔ جے یو آئی کے رہنما پیر اعجاز ہاشمی نے منصورہ میں سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں دوبارہ امیر منتخب ہونے پر مبارکباد اور ان کے لیے استقامت کی دعا کی ۔