کرپشن کے الزام میں عارف نقوی کی گرفتاری سے ہمارا موقف درست ثابت ہوا، حافظ نعیم الرحمن

حکومت کی ذمہ داری ہے ان کو پاکستان لائے اور کے الیکٹرک میں کرپشن اور لوٹ مار کی تحقیقات کرے ، امیرجماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 13 اپریل 2019 23:12

کرپشن کے الزام میں عارف نقوی کی گرفتاری سے ہمارا موقف درست ثابت ہوا، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی مالک ابراج کمپنی کے سربراہ عارف نقوی کی لندن میں گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابراج کمپنی کی کرپشن ، لوٹ مار اور عوام پر ظلم و زیادتیوں کو ہم شروع سے بے نقاب کرتے آرہے ہیں لیکن کوئی حکومت اور متعلقہ ادارے اسے تسلیم نہیں کرتے تھے اب کرپشن اور لوٹ مار کے الزام میں عارف نقوی کیلندن میں گرفتاری سے ہمارا موقف درست ثابت ہوا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عارف نقوی کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان لائے اور کے الیکٹرک میں اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار کی تحقیقات کرے اور کراچی کے عوام سے غیر قانونی اور ناجائز طورپر وصول کیے گئے 200ارب روپے کا حساب لے ۔

(جاری ہے)

عوام سے لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی جانب سے عوام پر کیے گئے ظلم و نا انصافی کے خلاف اور عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا ۔

سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی ۔ ہائی کورٹ میں اور نیپرا میں عوام کی جانب سے فریق بنے اور کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑا ۔ درست حقائق اور اصل اعدادو شمار کے ذریعے کے الیکٹرک کا اصل چہرہ اور اربوں روپے کی لوٹ مار سب کے سامنے لائے اور نیپرا کے چیئر مین نے ہمارے موقف کو درست تسلیم بھی کیا مگر افسوس کہ حکومتوں نے کے الیکٹرک کے خلاف کبھی کوئی کارروائی نہیں کی اور کے الیکٹرک کو کھلی چھوٹ دے دی گئی جو آج بھی جاری ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی ‘ جو کرپشن کے خلاف باتیں اور دعوے تو بہت کرتی ہے مگر کے الیکٹرک اور ابراج گروپ کے خلاف کوئی کارروائی کر نے پر تیار نہیں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ عارف نقوی ملک کے اندر اربوں روپے کی کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہے کسی نے ان کو کچھ نہیں کہا اور وہ قانون کی گرفت سے آزاد رہے لیکن ملک سے باہر کرپشن اور لوٹ مار کر نے پر ان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

ان کی کرپشن سب کے سامنے آگئی ہے ۔