مقبوضہ کشمیر : جمعیت اہلحدیث کی سیاسی نظر بندوں کی بھارتی جیلوں میں منتقلی کی مذمت

اتوار 14 اپریل 2019 17:15

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ عبداللطیف الکندی نے کشمیری سیاسی نظر بندوں کی مقبوضہ علاقے سے باہر بھارتی جیلوں میں منتقلی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف نظر بندوں کے اہلخانہ اضطراب کا شکار ہو چکے ہیں بلکہ پوری وادی میںتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطا بق عبداللطیف الکندی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ چاہیے یہ تھا کہ نظر بندوں کو جموں خطے کی جیلوں سے مقبوضہ وادی کی جیلوں میں منتقل کرنے کے بعد انہیں رہا کیا جاتا مگر اس کے بجائے ان کی صحت کا خیال کئے بغیر انہیں دور دراز کی بھارتی جیلوں میں منتقل کیا گیا جو انتہائی افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا عبداللطیف الکندی کی قیادت میں جمعیت اہلحدیث کا ایک وفد بھارتی ریاست ہریانہ کی جیل میں غیر قانونی طو ر پر نظر بند تنظیم کے نائب صدرمشتاق احمد ویری کی علیل والدہ کی عیادت کیلئے سرینگر میں انکے گھر گیا۔

ادھراسلامی تنظیم آزادی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں انجمن شرعی شیعیاں کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ آغا سید حسن کو محکمہ انکم ٹیکس نے ایک جھوٹے مقدمے میں آج (اتوار)سرینگر کے ائر پورٹ پر گرفتار کر لیا۔