Live Updates

وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے کی اطلاعات، حامد میر نے نئی خبر دے دی

میری خبر کے مطابق وزارت پٹرولیم میں بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔ سینئیرصحافی کی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اپریل 2019 12:31

وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے کی اطلاعات، حامد میر نے نئی خبر دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 5 وفاقی وزراتوں میں رد و بدل اور وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہاتھا جس میں وزارت خزانہ بھی شامل تھی ۔ ان اطلاعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ وفاقی وزارتوں میں تبدیلی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں لیکن میری خبر کے مطابق صرف وزارت پٹرولیم میں بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم کو تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ ضرور لیا ہے لیکن میرے مطابق وزارت پٹرولیم کے علاوہ دیگر وزارتوں میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ وزارت داخلہ پہلے ہی وزیراعظم عمران خان کے پاس ہے اور ان کے ماتحت وزیر مملکت شہریار آفریدی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ممکن ہے کہ وزارت داخلہ کا قلمدان کسی اور کو دے دیا جائے۔

لیکن شہریار آفریدی کو تبدیل کرنے کا فی الوقت کوئی امکان نہیں ہے۔ جہاں تک وزارت خزانہ میں تبدیلی کی بات ہے تو ایسا کوئی امکان نہیں ہے۔ وزارت خزانہ کے ماتحت بہت سے ادارے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ایف بی آر میں تبدیلی کر دی جائے۔ میرے پاس فوری طور پر اسد عمر کو تبدیل کرنے کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اسد عمر تو امریکہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، ان کی واپسی پر ایف بی آر اور دیگر اداروں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

فی الحال یہی کہا جا سکتا ہے کہ وزارت پٹرولیم میں تبدیلی کی جا رہی ہے جبکہ وزارت داخلہ کا قلمدان کسی اور کو سونپا جا سکتا ہے۔حامد میر نے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان کے سامنے کوئی اسد عمر پر تنقید کرتا ہے تو وزیراعظم عمران خان اس سے صرف ایک سادہ سا سوال کرتے ہیں کہ آپ بتائیں پھر میں کس کو وزیر خزانہ بناؤں؟ اس پر اعتراض کرنے والوں کی زبان بند ہو جاتی ہے۔

اس وقت بھی ہماری قومی اسمبلی اور سینیٹ میں کوئی ایسا چہرہ نظر نہیں آئے گا جو اسد عمر کی جگہ لے سکے۔ اسد عمر کی جگہ اگر کسی وزیر کو لایا بھی جائے گا تو اسے بھی انہی چیلنجز کا سامنا ہو گا جن چیلنجز کا سامنا اسد عمر کو ہے۔ اسد عمر امریکہ میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے ہیں اور ایک طرف جہاں وہ مذاکرات کر رہے ہیں تو ہمیں پاکستان میں بیٹھ کر ان کو تبدیل کیے جانے کی افواہوں پر بات نہیں کرنی چاہئیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات