کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد تعمیر کرنے کی تیاریاں

دنیا کی تیسری بڑی مسجد کی تعمیر کا کام بحریہ ٹاؤن کراچی کے سپرد کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اپریل 2019 12:52

کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد تعمیر کرنے کی تیاریاں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2019ء) : پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد کی تعمیر کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی مسجد تعمیر کرنے کا کام بحریہ ٹاؤن کراچی کے سپرد کیا گیا۔ یہ مسجد مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے بعد دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہوگی جس میں 8 لاکھ افراد بیک وقت نماز ادا کر سکیں گے۔

اس حوالے سے بحریہ ٹاؤن نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری پیغام کے ذریعے اس خبر کو اسلامی دنیا کے ساتھ شئیر کیا۔ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مکہ مکرمہ میں موجود مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں موجود مسجد نبوی ﷺ بالترتیب دنیا کی پہلی اور دوسری بڑی مساجد ہیں۔ ان کے رتبے اور مقام کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی مسجد پاکیزگی اور مقام میں ان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

دنیا کی ان دو بڑی مساجد کے بعد بحریہ ٹاؤن کراچی میں دنیا بھر کی تیسری بڑی مسجد تعمیر کی جائے گی۔ اس مسجد میں ایک بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی بھی ہو گی جس میں اسلامک کلچرل سینٹر ، میوزیم اور ایک ریسرچ سینٹر بھی ہو گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بحریہ ٹاؤن نے دنیا کی ساتویں بڑی مسجد تعمیر کی تھی جس کا نام گرینڈ جامع مسجد ہے ، اس مسجد میں 70 ہزار افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔

یہ مسجد فیصل مسجد اسلام آباد کے بعد پاکستان کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی میں تعمیر کی جانے والی دنیا کی تیسری بڑی مسجد کو مغل اور اسلامی طرز پر تعمیر کیا جائے گا جس سے اسے منفرد حیثیت حاصل ہو گی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں تعمیر کی جانے والی مسجد کی فن تعمیر ترکی ، ملائیشیا، ایران ، کویت اور متحدہ عرب امارات میں موجود مساجد کی فن تعمیر سے متاثر کُن ہو گی۔ اس مسجد میں بننے والی بین الاقوامی سطح کی یونیورسٹی میں اعلیٰ پایہ کا ائیرکنڈیشننگ نظام، تھرمل پاور ہاؤس اور پانی کی سپلائی سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔