Live Updates

جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات سے حکومت کو نقصان

دونوں رہنماؤں کے مابین اختلافات کی وجہ سے محکموں کے چئیرمین اور وائس چئیرمین تعینات نہ ہو سکے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اپریل 2019 13:19

جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات سے حکومت کو نقصان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات کی وجہ سے حکومتی جماعت کو نقصان اُٹھانا پڑ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین اوروزیر خارجہ کے مابین اختلافات کی وجہ سے محکموں کے چئیرمین اور وائس چئیرمین تاحال تعینات نہ ہو سکے۔ جس کی وجہ سے پارٹی کارکنان بھی سخت پریشان ہو گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی اپنے گروپ کے کارکنان کو نوازنے کے لیے سرگرم ہیں جبکہ سینئیر رہنما جہانگیر ترین کی بھی ایسی ہی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں رہنماؤں میں اختلافات کی وجہ سے ضلع کے ارکان اسمبلی بھی تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے دونوں رہنماؤں میں سے کسی ایک کی ناراضگی سے بچنے کے لیے معاملہ لٹکا دیا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن دوسری جانب فلاحی اداروں کے چئیرمین تعینات نہ ہونے سے عوامی مسائل میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں کی گئی ایک پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین کے سرکاری اجلاسوں میں شرکت کرنے پر اعتراض اُٹھایا تھا جس کے بعد شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے مابین تلخی ہوئی۔ جہانگیر ترین نے برملا کہا تھا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وزیراعظم کے کہے پر جاتا ہوں۔ اس تلخی پر وزیراعظم عمران خان نے بھی ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

جبکہ اپوزیشن جماعتوں بالخصوص ن لیگ نے حکومتی جماعت کے آپسی اختلافات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کی کوشش بھی کی تھی لیکن جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے اسے آپسی معاملہ قرار دے دیا تھا۔ پی ٹی آئی کے کئی رہنما اس معاملے پر تقسیم ہو گئے تھے، کچھ رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی حمایت کی تو کچھ نے شاہ محمود قریشی کا ساتھ دیا تھا۔ بظاہر دونوں کے مابین معاملات ٹھیک ہو گئے تھے لیکن اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین تلخی مزیدبڑھ گئی ہے جس سے پارٹی اور حکومت دونوں کو ہی نقصان پہنچ رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات