گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں محکمہ خوراک کو پیر کے روز تک باردانہ کی فراہمی کیلئے ایک لاکھ 5ہزار کے قریب درخواستیں وصول ہو گئیں،کاشتکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بار دانہ کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے،پولی پراپلین بیگ 38 روپے اور جیوٹ بوری 180روپے کے حساب سے فراہم کی جائیگی

پیر 15 اپریل 2019 15:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں محکمہ خوراک فیصل آباد ڈویژ ن کو پیر کے روز تک باردانہ کی فراہمی کیلئے ایک لاکھ 5 ہزار کے قریب درخواستیں وصول ہو گئی ہیں جبکہ کاشتکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق بار دانہ کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور حکومتی پالیسی کے مطابق کاشتکاروں کو پولی پراپلین بیگ 38 روپے اور جیوٹ بوری 180روپے کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔

محکمہ خوراک فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے پیر کے روز اے پی پی کو بتایاکہ پیر کے روز تک محکمہ خوراک فیصل آباد کو 28450،ٹوبہ ٹیک سنگھ کو 17300،جھنگ کو 48500، چنیوٹ کو9000کے قریب درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔انہوںنے بتایاکہفیصل آباد ڈویژن میں سرکاری نرخوں پر گندم کی خریداری کیلئے باردانہ کی تقسیم 22 اپریل سے شروع کی جا رہی ہے جس کے لئے ڈویژن بھر کے کسانوں سے درخواستیں لینے کا عمل جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ان درخواستوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد گندم کی خریداری کے پہلے 15روز میں 60 فیصد باردانہ تقسیم کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد 15دنوں میں 40 فیصد باردانہ کسانوں کو دیا جائے گا۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ خوراک نے رواں سال جیوٹ بوری کی فی بوری سکیورٹی 180روپے جبکہ پلاسٹک کے تھیلا کی 38 روپے مقرر کی ہے جو کہ کسانوں کو باردانہ حاصل کرتے وقت محکمہ کو ادا کرنا ہوگی۔

انہوںنے بتایاکہ ڈویژن بھر میںگندم خریداری کیلئے 40سنٹر ز قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں سے 11فیصل آباد،7ٹوبہ ٹیک سنگھ، 17جھنگ اور 5ضلع چنیو ٹ میں ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ محکمہ خوارک میں رواں سال گندم کی خریداری کیلئے ریگولر اور کنٹریکٹ تمام سٹاف کی تعیناتی مکمل کر لی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ کسان بھائیوں کی سہولت کیلئے ، ضلعی سطح ، تحصیل اور مرکز میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں لہٰذا کسان کسی بھی پریشانی یا شکائت کی صورت میں0800-13533 پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کا فوری ازالہ کرنے کیلئے بلا تاخیر اقدامات کئے جائیں گے۔