میشیل اوباما نے ملکہ الزبتھ کے گن گا کر برطانوی مجمع کا دل جیت لیا

سابق امریکی خاتون اول کے اسٹیج پر آنے کے بعد حاضرین کو دیر تک ہنسنے اور کھلکھلانے کا موقع ملا

پیر 15 اپریل 2019 15:33

میشیل اوباما نے ملکہ الزبتھ کے گن گا کر برطانوی مجمع کا دل جیت لیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) امریکا کی سابقہ خاتون اول میشیل اوباما نے ہزاروں برطانویوں کے دل جیت لیے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق لندن میں ایک سیمینار میں خطاب کے دوران انہوں نے گرم جوشی سے بھرپورملکہ الزبتھ سے ملاقات پر روشنی ڈالی ۔سابق امریکی صدر باراک اوباما کی اہلیہ میشیل ان دنوں اپنی آپ بیتی کی تشہیر کے لیے لندن کا دورہ کر رہی ہیں۔

میشیل کے اسٹیج پر آنے کے بعد حاضرین کو دیر تک ہنسنے اور کھلکھلانے کا موقع ملا۔ میشیل نے 2009 میں پیش آنے والے واقعے کا بھی ذکر کیا جب انہوں نے شاہی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا بازو ملکہ الزبتھ کے گرد لپیٹ لیا تھا۔سابقہ خاتون اول نے ازراہ تفنن کہا کہ بعد میں وہ سیکھ گئی تھیں کہ اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے انہیں اپنے ہاتھ اپنی کمر کے پیچھے رکھنا چاہئیں۔

(جاری ہے)

میشیل کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت مجھے کچھ مختلف کرنا چاہیے تھا کیوں کہ یہ ایک فطری انسانی رد عمل تھا۔میشیل کے مطابق وہ برطانوی ملکہ کے اس فیصلے سے بہت متاثر ہوئیں جب ملکہ نے اوباما اور ان کی بیگم کی جانب سے تحفے میں دیا گیا پِن بیج اپنے کپڑوں پر لگایا۔ میشیل نے 92 سالہ برطانوی ملکہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان سے ملاقات میں گرم جوشی، عنایت، ذہانت اور فراست محسوس کی۔

میں ان کو پسند کرتی ہوں۔میشیل اوباما لندن کے بعد پیرس اور ایمسٹرڈم جائیں گی۔باراک اوباما کی اہلیہ نے سیمینار میں اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ لندن ایک خوب صورت شہر ہے اور مجھے اس میں جو چیز سب سے زیادہ پسند آئی وہ اس شہر کا حقیقی طور پر بین الاقوامی تنوع اور تفاوت کا حامل ہونا ہے یہ چیز آپ دیگر شہروں میں نہیں دیکھ سکتے یہاں تک کہ امریکا میں بھی نہیں،یہ ایک تحفہ ہے۔ اس پر حاضرین نے بھرپور انداز سے تالیاں بجائیں۔

متعلقہ عنوان :