Live Updates

وزیرخزانہ اسد عمر کی وزارت کی تبدیلی کے سوال پروضاحت

صبح سے خبریں گردش کررہی ہیں کہ آپ کو تبدیل کیا جا رہا ہے؟ صحافی کا سوال، ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے، وزیرخزانہ اسد عمر کا شاعرانہ اندازمیں جواب

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ پیر اپریل 16:23

وزیرخزانہ اسد عمر کی وزارت کی تبدیلی کے سوال پروضاحت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل 2019ء) وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت کی تبدیلی کے سوال پر کہا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے، ن لیگ نے جن چیزوں کی قیمت نہیں بڑھائی وہ مہنگی کرنا پڑیں گی، بجلی کی قیمیتں حکومت نہیں نیپرا بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اصولی معاہدہ ہوگیا ہے۔

اپریل کے آخری ہفتے میں آئی ایم ایف مشن وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔آئی ایم ایف مشن وفد کے ساتھ تیکنیکی تفصیلات طے کی جائیں گی۔ معاہدے سے پہلے تفصیلات شیئر نہیں کی جاسکتیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد خود تفصیلات شیئر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتی ادوار میں آئی ایم ایف معاہدے کی تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے 15 ارب ڈالر کا قرضہ ملنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف سے 6سے 8ارب ڈالر کا معاہدہ کیا جائے گا۔آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ساڑھے 7ارب ڈالر عالمی بینک سے آئیں گے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام کے فیز میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ بحرانی کیفیت سے نکل آئے ہیں۔ پاکستان نے پہلے کبھی اتنے زیادہ خسارے کا سامنا نہیں کیا۔

گزشتہ حکومت کے چھوڑے گئے مالی خسارے کے باعث سخت اقدامات اٹھانا پڑ رہے ہیں۔ آئی ایم ایف پروگرام سے عوام پر بوجھ نہیں پڑے گا۔ آئی ایم ایف معاہدے سےمہنگائی میں اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پرکچھ چھپانے کونہیں ہے۔ سی پیک کے حوالے سے تفصیلات آئی ایم ایف کواکتوبر میں دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو کل منظوری کیلئے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج شام ایف اے ٹی ایف کو ان کی سفارشات پرعملدرآمد کا مسودہ بھجوا دیں گے۔ مسودے پرعملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ایف اےٹی ایف کا وفد مئی کے تیسرے ہفتے پاکستان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ اس وقت مثبت ہے۔ شرح سود 9 سے کم ہوکر7 فیصد پرآگئی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت کا بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ن لیگ کے دور میں پیدا ہونیوالی بجلی کی قیمتوں کے نوٹیفکیشن نیپرا کررہی ہے۔ گزشتہ حکومت کے دورمیں توانائی شعبے کے600ارب روپے کوبہرحال کہیں سے پوراکرنا ہے۔ مسلم لیگ ن نےجن چیزوں کی قیمت نہیں بڑھائی وہ مہنگی کرنا پڑیں گی۔
اسد عمر مستعفی سے متعلق تازہ ترین معلومات