ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں تحقیقی منصوبہ جات کی سالانہ کارکردگی کے متعلق اجلاس

پیر اپریل 17:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) : ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عابد محمود نے تحقیقاتی منصوبہ جات کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کے افسران اور سائنسدانوں کو ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو جلد مکمل کیا جائے اور تحقیقی عمل کو جدید پیمانے پر استوار کیا جائے۔

انہوں نے پنجاب بھر سے آئے تحقیقی اداروں کے سربراہان سے تحقیقی منصوبہ جات کی تکمیل میں حائل مسائل سنے اور ان کے جلد حل کے لئے احکامات جاری کئے ۔ علاوہ ازیںکپاس، کھجور، چاول، مکئی، زیتون اور آلو پر ہونے والی تحقیق کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بہتر کارکردگی دکھانے والے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تحقیق برائے چارہ جات نے 45 ہزار 880کلوگرام بیج تیار کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جو تحقیقی عمل میں سائنسدانوں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

زراعت کے شعبہ میں مختلف فصلوں کے بیجوں کو عام کسانوں تک پہنچانے میںادارہ ہذا نے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال سبزیات اور زیتون کے حوالے سے 3 نئے تحقیقاتی ادارے قائم ہو رہے ہیں جن میں جدید سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ زیتون اور سبزیوں کے حوالے سے نئے نئے بیج متعارف کرکے ملک و قوم کی خدمت کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :