Live Updates

آزادکشمیر کے عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کروں گا‘ کوہالہ پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنی تیار کر رہی ہے اس کا کام شروع کرنے سے پہلے معاہدہ ہو گا

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان کا دریا بچائو کمیٹی کے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

پیر 15 اپریل 2019 18:58

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں کروں گا ‘کوہالہ پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنی تیار کر رہی ہے اس کا کام شروع کرنے سے پہلے معاہدہ ہو گا جس میں ہم حکومت پاکستان کو گارنٹر بنانا چاہتے ہیں‘ ہمیں کوئی ایسی بات نہیں کرنی چاہیے کہ جس سے مقبوضہ کشمیر میں قابض اور جارح قوت کے پروپیگنڈے کو تقویت ملے‘ ہمیں اپنی ان مائوں بہنوں بیٹیوں کی قربانی کی لاج رکھنی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دریا بچائو کمیٹی کے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دریا بچائو کمیٹی والے مجھ پر اعتماد کریںاگر میں نہ ہوا تو پھر آپ کی بات کسی نے نہیں سننی‘ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حکومت پاکستان مکمل طور پر مظفرآباد کے ماحولیاتی مسائل سے آگاہ ہیں اور یقین کامل ہے کہ وہ انہیں ترجیحاً حل کریں گے‘ بعض وفاقی وزراء کے پاس معلومات کم ہیں لیکن ہمارا تعلق ریاست پاکستان سے ہے‘ کوہالہ پراجیکٹ 25سال بعد آزادکشمیر حکومت کی ملکیت ہو گا‘ ماحولیاتی مسائل حل کیے جائیں گے‘ نیلم جہلم پراجیکٹ کے CBMکے طور پرمظفرآباد کی اگلے سو سالہ پانی کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر گریٹر واٹر سپلائی سکیم شروع کی جا رہی ہے میں جب آپ کی نمائندگی کر رہا ہوں تو آپ احتجاج ختم کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے دھرنے کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت پاکستان سے تمام تر معاملات پر انتہائی مثبت پیش رفت ہوئی ہے‘ احتجاج کی ضرورت ہی نہیں‘ معاہدہ تیار ہے‘ میرپور کے لوگوں نے بھی دو مرتبہ قربانی دی مجھے آپ کام کرنے دیں‘ مجھے اطمینان سے کام کرنے دیں‘ 16اپریل کا احتجاج موخر کیا جائے اگر مطالبات نہ منظور ہوئے یا آپ کے تحفظات کا ازالہ نہ کر سکے تو آپ بھی یہیں ہیں اور میں بھی یہیں ہوں لیکن مجھ پر اعتماد کریں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر بھرمیں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے‘ عوام کے میگا پراجیکٹس کے حوالے سے تحفظات دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے‘ ہم اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیںاور معاملات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں‘ ماحولیاتی مسائل کا حل اشد ضروری ہے اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے‘ مظفرآباد میرا شہر ہے میں نے یہیں رہنا ہے اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں اس لیے شہر کے ساتھ دھوکہ نہیں کر سکتا۔

یہ بات بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی اور نے اتنی دلچسپی نہیں لینی ‘مجھے کام کرنے دیں اور آپ دیکھیں گے کہ نتائج کیسے آئے ہیں ہم پر بھروسہ رکھیں۔ دریا بچائو کمیٹی کے سربراہ امجد علی خان نے وزیراعظم آزادکشمیر کی اپیل پر مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کمیٹی آپس میں مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کرے گی‘ کمیٹی کے دھرنے میں آنے پروزیراعظم آزادکشمیر کے شکر گزار ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات