بہتر انسانی صحت کے لئے ماحول کا کلیدی کردار ہے‘ گورنرسندھ

پیر 15 اپریل 2019 19:45

بہتر انسانی صحت کے لئے ماحول کا کلیدی کردار ہے‘ گورنرسندھ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بہتر ماحول انسانی صحت کے لئے ناگزیر ہے‘ گزشتہ چند دہائیوں میں گلوبل وارمنگ ایک اہم ماحولیاتی مسئلہ بن کر سامنے آیا ہے، درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ انسانی زندگی کے لئے خطرناک ہے، ماحول میں موجود ٹرانسپورٹ کا دھواں، جنگلات کی کٹائی، صنعتی آلودگی اور آبادی میں اضافہ گلوبل وارمنگ میں اضافہ کا باعث ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت نے ایسے اقدامات کئے ہیں جو ان مسائل کو بہت حد تک کم کرسکتے ہیں۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مو سمیاتی تبدیلی ، مون سون اور موسم گرما سے حفاظت کے عنوان سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے لئے ایک بہتر ماحول بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درختوں کا ہونا اشد ضروری ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم سے مستقبل قریب میں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام محکموں جیسے اسپتالوں، ریلیف این جی او، سرکاری اداروں، سیوریج بورڈ، این ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے، کے الیکٹرک اور دیگر اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ باہمی رابطوں کو مزید موثر بنایا جائے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ این جی اوز عوام کو گرمی کی لہر سے بچا کے مراکز قائم کرنے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، ذاتی طور پر مانئڑنگ کروں گاکہ گرمی سے بچاؤ کے لئے متعلقہ اداروں نے اس حوالے سے کیا کیا اقدامات کئے ہیں لوگوں کو گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے آگاہی مہم بہت ضروری ہے اس ضمن میں وزرات ماحولیات کے ساتھ مل کر پودے لگائے تاکہ اس کی نشو نماکو یقینی بنا یا جا سکے جبکہ گورنر ہاؤس میں آفس بنا رہے ہیں جو شہر میں پودے لگانے میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ 53 فائر بریگیڈ زجلد آجائیں گی ان فائر بریگیڈزکو تاجروں و صنعت کاروں کے اشترک کے ساتھ مل کر موئثر انداز میں شہر کے وسیع تر مفاد میں استعمال میں لایا جائے گا جبکہ کراچی کی ترقی کے لئے مختص کردہ 162 ارب روپے کا منصوبہ سے نہ صرف شہر کی ترقی ہوگی بلکہ اس سے پورا صوبہ کو بھی فائدہ حاصل ہوگا جس سے شہر میں معاشی و سماجی سرگرمیوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔

اس سے قبل اکرام سہگل چیئرمین کی-الیکٹرک نے موسم گرما اور مون سون کی تیاری میں اضافہ اور بہتر بنانے کے لئے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ای صوبائی ڈیزائٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)، رینجرز اور مختلف این جی او کی مکمل حمایت کرے گی جو شہر بھر میں گرمی کے حفاظتی کیمپ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امدادی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے کے الیکٹرک تقریبا 1000 رضاکاروں کو تربیت فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔