بلاول بھٹو زرداری نے 14 اگست کو سکھر میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

پیر 15 اپریل 2019 20:06

بلاول بھٹو زرداری نے 14 اگست کو سکھر میں  جشن آزادی کی تقریب میں شرکت ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2019ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 14 اگست کو سکھر میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے ‘ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر وہ 14 اگست کے روز ملک میں موجود ہوئے تو اس اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

میئر سکھر نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید کہا ہے کہ نجی چینل پر چلنے والی خبر وں سے سخت مایوسی ہوئی ہے ‘ایسی کوئی بات چیت نہیں ہوئی ‘ ایئرپورٹ پر صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ ‘ سید اویس شاہ اور یو سی چیئرمین کی موجودگی میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ہونیوالی ملاقات میں پانی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے باز پرس کی جس پر میں نے انہیں بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے لئے 4 بلین روپے درکار ہیں جس پر چیئرمین نے جواب دیا کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کا حصہ نہیں دیا جس کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی میں مشکلات درپیش آرہی ہیں‘ مزید براں چیئرمین پی پی پی نے سکھر میں سندھ کے سب سے بڑے اور ایشیاء کے 5 ویں بڑے قومی پرچم لہرانے کی تقریب کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔#