پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے تحت نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عوامی اجتماع منعقد کیا گیا

پاک سرزمین پارٹی کو اگر اقتدار ملا تو کسی قسم کی کوئی لسانی تفریق نہیں ہوگی، صوبہ سندھ ہمارا ہے ،اسے ایسا بنا دیں گے کہ ہر پاکستانی اس پر فخر کرے گا،مصطفی کمال

پیر 15 اپریل 2019 20:10

پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے تحت نارتھ ناظم آباد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے تحت نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں عوامی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع سے چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے کہاکہ خوف خدا رکھتے ہوئے ایمانداری کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کو اگر اقتدار ملا تو کسی قسم کی کوئی لسانی تفریق نہیں ہوگی، صوبہ سندھ ہمارا ہے اور اسے ایسا بنا دیں گے کہ ہر پاکستانی اس پر فخر کرے گا۔

پاکستان کا موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے اور نظام میں بہتر تبدیلی کے لئے درکار اصلاحات کا علم تجربے کی بنیاد پر صرف ہمیں ہے۔ اس موقع پر عوامی اجتماع میں چیئرمین سید مصطفی کمال کے فلسفے سے متاثر ہوکر نارتھ ناظم آباد یوسی 24/25 کے سابقہ یوسی ناظم شیخ محمد آصف خان اور یونٹ انچارج ایلڈر ونگ کاظم علی خان نے ایم کیو ایم کو خیر باد کہتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا. موقع پر موجود عوام نے سید مصطفی کمال کے حق میں نعرے لگائے اور انکا پیغام گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سید مصطفی کمال نے تنظیم الاخوان کے امیر اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ المکرم امیر عبدالقدیر اعوان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے سید مصطفی کمال کو قرآن پاک کا ہدیہ پیش کیا۔ سید مصطفی کمال نے بعد ازاں شیخ المکرم امیر عبدالقدیر اعوان کی جانب سے تصوف اور تعمیر سیرت پر بیان میں شرکت کی۔