اسلام آباد ہائی کورٹ نے ارشد وہرا کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر وکیل کو ایک دن کی مہلت دیدی

پیر 15 اپریل 2019 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر وکیل کو تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سابق ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا یہاں سوال یہ ہے کہ آپ نے پارٹی چھوڑی یا نہیں آپ نے ٹکٹ کس سے لیا اور پھر کس پارٹی میں چلے گئی درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بانی ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد پارٹی ہی بدل گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے ندیم نصرت سے ٹکٹ لیا۔جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ نے پہلی پارٹی چھوڑ کرپاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی، کیا پارٹی کی تبدیلی سے پہلی پارٹی متاثر نہیں ہوتی شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا لوکل گورنمنٹ کی حد تک کوئی پارٹی جوائن نہیں کی۔ جس پارٹی نے مجھے ٹکٹ ہی نہیں دیا وہ کیسے نا اہل کرا سکتی ہی عدالت نے کیس کی تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی ۔