بھارتی سپریم کورٹ نے رافیل معاہدے سے متعلق بیان پر راہول گاندھی سے جواب طلب کرلیا

ہم اس بات کو واضح کرتے ہیں ہم نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، ہم نے صرف دستاویزات کی بنیاد پر فیصلہ کیا، عدالتی بینچ

پیر 15 اپریل 2019 22:02

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2019ء) بھارتی سپریم کورٹ نے رافیل معاہدے پر عدالت سے منسوب بیان دینے پر کانگریس جماعت کے سربراہ راہول گاندھی سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کہا کہ ’ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ راہول گاندھی کی جانب سے میڈیا اور عوام میں دیا گیا بیان عدالت سے غلط طور پر منسوب کیا گیا‘۔

عدالتی بینچ نے کہا کہ ’ہم اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ ہم نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، ہم نے صرف دستاویزات کی بنیاد پر فیصلہ کیا‘۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی سپریم کورٹ نے میڈیا کی جانب سے حاصل کی گئی دستاویزات کو رافیل جیٹ معاہدے میں ثبوت کے طور پر استعمال نہ کرنے پر حکومت کے موقف کو مسترد کردیا تھا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ وہ رافیل معاہدے میں حکومت کو کلین چٹ دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان خفیہ دستاویزات کا بھی جائزہ لیں گے۔

سپریم کورٹ کے اس بیان پر راہول گاندھی نے ردعمل دیتے ہوئے اتر پردیش کے حلقے امیتھی میں کہا تھا کہ ’میں سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پورا ملک کہہ رہا ہے کہ چوکیدار چور ہے‘۔انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ جشن کا دن ہے کہ سپریم کورٹ نے انصاف کی بات کی ہے‘۔جس پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے عدالت کے خلاف غلط بیان دینے اور نریندر مودی کو چور کہنے پر راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت اور توہین عدالت کامقدمہ دائر کیا تھا۔

آج ہونے والی سماعت میں عدالت نے راہول گاندھی کو جواب جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی اور کہا کہ ‘ہم نے ایسا کوئی مشاہدہ نہیں کیا جس پر راہول گاندھی نے رد عمل دیا‘۔واضح رہے کہ فرانس کے سابق صدر فرینکوئس ہولاندے کے انکشافات کے بعد بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے نریندر مودی پر طیاروں کے معاہدے میں سرکاری کمپنی کے بجائے نجی کمپنی کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔فرینکوئس ہولاندے نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت سے 2016 میں 9.4 ارب ڈالر کے 36 رافیل جنگی طیاروں کے معاہدے میں فرانسیسی مینوفیکچرر 'ڈاسولٹ' کو بھارتی پارٹنر کے انتخاب کے لیے کوئی آپشن نہیں دیا گیا تھا۔