ہمارا لیڈر ایک تھا ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،ہم وہ نہیں جو اپنے لیڈر بدلتے رہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وفاقی حکومت کی رکاوٹوں کے باوجودیہ عظیم منصوبہ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی کوششوں سے مکمل ہوا ہے ،کوئی اور ہوتا تو اس منصوبے پر بھی یو ٹرن لے لیتا،سید مراد علی شاہ

پیر 15 اپریل 2019 23:07

ہمارا لیڈر ایک تھا ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،ہم وہ نہیں جو اپنے لیڈر بدلتے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہے کہ ہمارا لیڈر ایک تھا ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،ہم وہ نہیں جو اپنے لیڈر بدلتے رہیں، تھرکول کے منصوبے کی تکمیل سے شہید بی بی کا خواب پورا ہوگیا ہے، وفاقی حکومت کی رکاوٹوں کے باوجودیہ عظیم منصوبہ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی کوششوں سے مکمل ہوا ہے کوئی اور ہوتا تو اس منصوبے پر بھی یو ٹرن لے لیتا لیکن ہم نے یک بے مثال منصوبہ مکمل کرکے دکھایا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ان خیالات کا اظہار پیر کو سندھ اسمبلی میں تھر کول منصوبے کے حوالے سے ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تھرکول پروجیکٹ پرقائم علی شاہ نے بہت مدد کی،یہ پاکستان کا بہت اہم منصوبہ ہے کوئی اور ہوتاتو تھرکول پریوٹرن لے لیتا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے اسے مکمل کرکے دکھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری اورآصف زرداری کی وجہ سے تھرکول کا پروجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔وزییر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی راہ میںوفاقی حکومت نے بہت سی مشکلات پیدا کیں لیکن ہم نے ہمت نہ ہاری اور منصوبے پر مشکلات کے باوجود کام جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ ہم سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے شکر گذار ہیں جس نے ساورن گارنٹی میں مدد کی،معاہدوںمیں بھی سخت شرائط رکھی گئی تھیں،اس منصوبے پر اب تک سات سو ملین سے زائد کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جو کہا کہ تھر بدلے گا پاکستان آج تھر بدل رہا ہے پاکستان، ہماری شہید لیڈر کا خواب پورا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیز ون میں ابتداء ہے اور دوسرے مرحلے میں کنسٹرکشن شروع ہوچکی ہے ،یہ کام ملک کو ایٹمی قوت بنانے سے کم نہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ہم تھر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے مشکور ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت اس منسوبے کو عملی شکل دینا ممکن ہوا،ہم نے تھر کے لوگوں کو پارٹنر اور ماڈل ولیج بناکردیئے ہیں مندر بھی بنائے ہیں مسجد اور کمیونٹی سنٹر قائم کئے ہیں، وہاںاسکول اور اسپتال بھی بنارہے ہیں یہ ایسی باتیں ہیں جن کی مثال پورے پاکستان میں کہیں نہیں مل سکتی ۔

وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بارہ سو خاندان کو سندھ حکومت اپنے حصے سے لاکھ روپے سالانہ دے رہی ہے۔وزیر اعلیٰ کے پالیسی بیان کے دوران اپوزیشن کی بنچوں سے مداخلت کی کوشش کی گئی تو اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ وزیر اعلی پالیسی بیان دے رہے ہیں انہیں بولنے دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارا لیڈر ایک تھا ایک ہے اور ایک رہے گا،ہم وہ نہیں جو اپنے لیڈر بدلتے رہیں، زوالفقار علی بھٹو کو پوری دنیا مانتی ہے ،ہمارا لیڈر ایک ہے ہم اسکو مانتے رہیں گے انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم انکی طرح نہیں کہ اپنے لیڈرکو چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اب کیوں نہیں بولتے اپنے لیڈر کے لئے۔ وزیر اعلیٰ کے ان ریمارکس پر ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے شور شرابہ اور احتجاج کیا گیا تو اسپیکر نے کہا کہ یہ بولتے رہیں گے انکی عادت ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے لقمہ دیا کہ انہیں چاہیے کہ تھوڑا ساسبق سیکھیں ۔