اللہ سے باغی اور حرام خور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے، حسین محنتی

حکومت ادھر ادھر کی باتیں کر کے وقت گذاری کی بجائے مہنگائی، بجلی بحران کے خاتمے سمیت قوم سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرے، امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 15 اپریل 2019 23:13

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اللہ سے باغی اور حرام خور قیادت سے کسی خیر کی امید عبس ہے۔ حکومت ادھر ادھر کی باتیں کر کے وقت گذاری کرنے کی بجائے مہنگائی، بجلی بحران کے خاتمے سمیت قوم سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرے، غیروں کو خوش کرنے کیلئے ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سررحدوں کو کمزور کرنے سے باز اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے، سندھ باب الاسلام ہے، عوام بدی کے خاتمے اور نیکی کے فروغ کیلئے جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا ساتھ دیں کیونکہ دنیا میںامن سمیت پوری انسانیت کاسکھ و چین غلبہ اسلام میں ہی مضمر ہے۔

سندھ کی تقسیم کا نیا شوشہ اپنی سیاست چمکانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھنٹہ گھر سکھر میں لگائے گئے دعوتی کیمپ سے خطاب سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات اور مختلف بازاروں میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں گشت کے دوران کیا۔صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیرمولانا حزب اللہ جکھرو، جنرل سیکریٹری مولانا سلطان احمد لاشاری، مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ ، جے آئی یوتھ کے عبدالمالک تنیو و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

قبل ازیں امیر صوبہ نے ضلعی دفتر مہران مرکز میں ذمہ داران کے اجلاس میں بھی شرکت اور دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا جائزہ و ہدایات دیں۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکومت کی آٹھ ماہ کی کارکردگی اورمہنگائی سمیت عوام دشمن اقدامات پی ٹی آئی قیادت سے وابستہ امیدیں مایوسی میں تبدیل ہورہی ہیں ،خوشحالی وتبدیلی کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت میں نا ہوتے ہوئے بھی روزگارتعلیم صحت کے میدان میں سندھ کے عوام کی بلاتفریق خدمت کر رہی ہے،عوام نے اگرموقعہ دیا تو انکی امیدوں پرپورااتریں گے،عبدالستارافغانی نعمت اللہ خان سے لیکردومرتہ کے پی کے کے سینئر وزیرسینیٹر سراج الحق تک کی کارکردگی امانت دیانت وخدمت پوری قیم کے سامنے جس کے مخالفین بھی معترف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے گناہوں کی توبہ،انسانیت کی خدمت کے ذریعے رب کو راضی اورمہنگائی سمیت تمام مصیبتوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں،جماعت اسلامی کی دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کا مقصدبھی یہی ہے۔