مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کے کردارکوافسوسناک قراردے دیا

تمام سیاسی جماعتوں نے مایوس کیا، صرف جےیو آئی ف کفارہ ادا کر رہی ہے، کٹھ پتلی حکومت کو ماننے کے لئے تیار نہیں، نیب سے کوئی ڈر نہیں ہے۔ سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان کی پشاورمیں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اپریل 2019 20:34

مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کے کردارکوافسوسناک قراردے دیا
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل 2019ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کے موجودہ کردار کو افسوسناک قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ملک کو مایوس کیا، نیب سے کوئی ڈر نہیں ہے۔ انہوں نے آج پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دفاعی لحاظ سے مضبوط اور معاشی لحاظ سے بہت کمزور ہیں۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔

پہلے قرضے لیے گئے اور اب بھیک مانگ رہے ہیں۔ فضل الرحمان نے کہا کہ جے یوآئی سب کا کفارہ ادا کررہی ہے۔ ملک اورعوام کو بچانے نکل آئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ملک کو مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا موجودہ کردار افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کاروائیوں سے کوئی ڈرنہیں ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں جے یوآئی کے زیراہتمام پشاورمیں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت کو گرانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس کٹھ پتلی حکومت کو ماننے کے لئے تیار نہیں تحریک چلا کر اس کا خاتمہ کرینگے۔

جن ممالک نے بھیک دیا آج وہ کشکول بھرنے کو تیار نہیں، مہنگائی بے قابو ہوگئی ہے اور ملکی معیشت تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔موجودہ حکومت کا انداز ملکی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔حکومت اپنے آپ گرگئی تو ملکی استحکام کو خطرہ ہوسکتا ہے اسلئے ہم گرائیں گے۔انہوں نے گزشتہ انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مکمل دھاندلی ہوئی اور الیکشن کمیشن ناکام ہوا ،علما کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کیلئے پروپیگنڈے کئے جا رہے ہیں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی کا استعمال نوجوان بہتر انداز میں کر سکتے ہیں، ستر سال گزرنے کے باوجود بھی علماء کی سیاست یا ٹیکنالوجی کے استعمال پر تعجب کا اظہار کیا جاتا ہے، علماء کیخلاف ایسے تاثرات میں ملکی اسٹبلشمنٹ کا بہت بڑا ہاتھ ہے، انگریز دور میں علماء کے خلاف تعصب پھیلایا گیا آج بھی اس کے اثرات موجود ہے، علماء کے خلاف تعصب ریاستی اسٹبلشمنٹ کا کام ہے، ریاستی ادارے علماء کے خلاف تعصب پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جمعیت علماء اسلام برصغیر کے تاریخ کی سب سے قدیم جماعت ہے، انکاکہنا تھا کہ بر صغیر کی سب سے قدیم سیاست جے یو آئی کی ہے ۔