الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کردی

پیر 15 اپریل 2019 23:30

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس سے متعلق عدالتی فیصلے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن نے فیض آباد دھرنا کیس سے متعلق عدالتی فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے استدعاکی ہے کہ فیصلے میں الیکشن کمیشن سے متعلق آ بزرویشنز کو حذف کیا جائے ، پیرکودائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کے حوالے سے موجود ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آ ئین ،قانون کے مطابق اقدامات کرتے ہوئے 16 اگست 2107ء کو تحریک لبیک کونوٹس جاری کرکے ہدایت کی تھی کہ الیکشن کمیشن کو تحریک لبیک کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں ورنہ اس کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے لیکن اس کے باوجود عدالتی فیصلے میںکچھ ایسی آبزرویشن دی گئی ہیں جس سے الیکشن کمیشن کی خودمختاری کے بارے میںمنفی تاثر جاسکتاہے ، اور اگر عدالتی فیصلہ میں موجودآ بزرویشنز برقرار رہتی ہیں تو اس سے الیکشن کمیشن پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا پیرا 4 الیکشن کمیشن کے اقدامات کے برعکس ہے اس لئے کیس کے میرٹ پر بحث کئے بغیر استدعاکی جاتی ہے کہ جاری کردہ فیصلے سے الیکشن کمیشن سے متعلق آ بزرویشنز کو حذف کیاجائے۔