ہلال احمر ضلع حیدرآباد کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات مکمل ہو گئے، دو پینلز کے درمیان کاٹنے کا مقابلہ رہا

شوکت خیام پینل نے 9 اور عماد تراب پینل نے 7 نشستیں حاصل کیں، پہلی مرتبہ خفیہ رائے دہی کے ذریعے انتخاب عمل میں آیا

پیر 15 اپریل 2019 23:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) ہلال احمر ضلع حیدرآباد کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات مکمل ہو گئے، دو پینلز کے درمیان کاٹنے کا مقابلہ رہا، شوکت خیام پینل نے 9 اور عماد تراب پینل نے 7 نشستیں حاصل کیں، پہلی مرتبہ خفیہ رائے دہی کے ذریعے انتخاب عمل میں آیا اور ممبران کی بڑی تعداد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ہلال احمر ضلع حیدرآباد پر ڈاکٹر فاروق میمن 2تقریباً 25 سال سے چیئرمین کی حیثیت سے قابض چلے آ رہے ہیں من مانے طور پر ممبرسازی کرکے اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان نامزد کرکے وہ منتخب ہوتے چلے آ رہے ہیں مگر پہلی بار ڈپٹی کمشنر اور ہلال احمر کے صدر سید اعجاز علی شاہ کی دلچسپی کی وجہ سے خفیہ رائے دہی کے ذریعے ایگزیکٹیو کمیٹی کا انتخاب عمل میں آیا، شوکت خیام پینل کی طرف سے عدالت سے رجوع کرکے خفیہ رائے دہی کی بجائے ہاتھ کھڑے کرکے انتخاب کرانے کا فیصلہ لینے کی کوشش بھی ناکام رہی، ہلال احمر ضلع حیدرآباد کے 225 ممبران میں سے 180 نے حق رائے دہی استعمال کیا، پہلی بار چیئرمین ڈاکٹر فاروق میمن کو مضبوط اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑے گا جن کے خلاف پہلے ہی ہلال احمر کے فنڈز میں خوردبرد ٹیکس فری مشینری لا کر غائب کرنے جیسے سنگین الزامات ہیں۔

(جاری ہے)

نتائج کے مطابق شوکت خیام پینل نے 9 نشستیں حاصل کیں، کامیاب ہونے والوں میں فضل قادر میمن ایڈوکیٹ، ڈاکٹر وسیم شیخ، محمد اکرم انصاری، مسز نگہت سرفراز، محمد اسلم میمن، فرخ اللہ شیخ، معین الحق، محمد ادریس اور ڈاکٹر محمد اقبال شیخ شامل ہیں جبکہ عماد تراب پینل نے 7 نشستیں حاصل کیں، عدیل صدیقی سب سے زیادہ 101 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، دیگر ارکان میں صدف شیخ، محمد اقبال چوہان، مظفر احمد غوری،ڈاکٹر عابد علی خان، تراب علی اور محمد اسلم خان شامل ہیں، اس پینل نے 2 نشستیں صرف ایک ایک ووٹ سے ہاریں۔

ایگزیکٹیو کمیٹی کی 16 نشستوں پر خفیہ رائے دہی کے ذریعے انتخاب عمل میں آیا جبکہ ہلال احمر کے آئین کے مطابق ضلعی صدر ڈپٹی کمشنر کو 4 ارکان نامزد کرنے کا اختیار ہے جس کا وہ فیصلہ کریں گے۔