Live Updates

اسلام آباد سرینا ہوٹل میں بیساکھی میلہ کی تقریب

پارلیمانی سیکرٹری پنجاب مہندر پال سنگھ نے شرکت کی، ہندوستان سے آئے سکھ کمیونٹی کی لئے ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا جس میں پاکستان کے صدر مملکت جناب عارف علوی نے شرکت کی اس موقع پر تحائف بھی ان کے درمیان تقیسم کئے گئے

پیر 15 اپریل 2019 22:41

اسلام آباد سرینا ہوٹل میں بیساکھی میلہ کی تقریب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2019ء) اسلام آباد سرینا ہوٹل میں بیساکھی میلہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پارلیمانی سیکرٹری پنجاب مہندر پال سنگھ نے شرکت کی اس موقع پر ہندوستان سے آئے سکھ کمیونٹی کی لئے ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا جس میں پاکستان کے صدر مملکت جناب عارف علوی نے شرکت کی اس موقع پر تحائف بھی ان کے درمیان تقیسم کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد سرینا ہوٹل میں بیساکھی میلہ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ سکھ برادری کے بہن بھائیوں کا استقبال اوران کی تقریب میں شرکت ان کیلئے باعث خوشی ہے۔ صدر مملکت نے ماضی بالخصوص امریکا میں زمانہ طالب علمی میں سکھ برادری کے ارکان سے تعلقات کا خصوصی ذکرکیا اورکہا کہ ان کی سکھ برادری کے ارکان کے ساتھ اچھی دوستیاں رہی ہیں، ان کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہے اورمیں نے محسوس کیا ہے کہ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے میرے دوست بہت ہی محبت اورخیال رکھنے والے لوگ تھے، سکھ برادری امن کی داعی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان امن چاہتا ہے اورامن کی قدروقیمت سے باخبر ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستی اوربہترتعلقات کیلئے ہاتھ بڑھایا، پاکستان خود ایک ہنگامہ خیز صورتحال سے گزراہے، ہم نے دہشت گردی کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اورہم جانتے ہیں کہ امن کتنا ضروری ہے۔ صدر نے کہاکہ پاکستان اورپاکستان کے عوام بڑے دل کے مالک ہے، اس وقت بھی پاکستان تقریباً3.5 ملین افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہاہے۔

ماضی میں پاکستان مشکل حالات سے گزراہے، دہشت گردی اورانتہاپسندی کے خلاف جنگ سے پاکستان نے بہت کچھ سیکھاہے اسلئے پاکستان ہمیشہ امن کی حمایت کرتا ہیِ۔صدر نے کہاکہ مستقبل میں پاکستان اوربھارت کے درمیان اچھے تعلقات میں سکھ برادری اہم کرداراداکریں گی، سکھ برادری کے لوگ پرامن لوگ ہیں اور سکھ برادری امن کی داعی ہے۔صدر مملکت نے کرتارپورراہداری کا خصوصی طورپرذکرکرتے ہوئے کہاکہ کرتارپورراہداری خیرسگالی اورپرامن ہمسائیگی کا ایک استعارہ ہے، سکھ کمیونٹی کو اس اقدام سے بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان تمام ملکوں اورمذاہب کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کی تقریر میں واضح طورکہاتھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اورسب شہریوں کو اپنے مذہب اورعقیدہ کے مطابق اپنے مساجد،مندروں ، گردواروں، گرجاگھروں اورمذہبی مقامات پر جانے کی آزادی ہے، پاکستان بابائے قوم کے اس پیغام کو اہمیت دیتا ہے اوراسی پرکاربند ہے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے مذہبی اورنسلی تعصب، تفریق وتقسیم کو معاشرے اورہم آہنگی کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ حالیہ برسوں میں اسلاموفوبیااورزینوفوبیاء جیسے رحجانات سے معاشروں میں تقسیم اورخلیج گہری ہوئی ہے، پاکستان تمام ممالک اورمذاہب سے اچھے تعلقات چاہتاہے، ہم تمام مذاہب کے عبادت گاہوں اورمذہبی مقامات کو محفوظ بنانے میں پرعزم ہیں، پاکستان امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، ہمیں امید اوریقین ہیں کہ تمام ممالک اسلاموفوبیااورزینوفوبیاء جیسے رحجانات کے خاتمے اورتدارک کیلئے اپنا کرداراداکریں گے کیونکہ نفرتوں کے خاتمے میں بہت وقت لگتاہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی حکومت تمام مذاہب کی عبادت گاہوں اورمذہبی مقامات کے تحفظ میں پرعزم ہے، ملک میں سکھ برادی کی عبادت گاہوں اورمذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے دیگر تنظیموں کے ساتھ تعاون کیا جارہاہے، پاکستان نے سکھ برادی کیلئے کرتارپوراورننکانہ صاحب تک رسائی کو آسان بنادیاہے، ہم کرتارپوراورننکانہ صاحب کو لنک کرنے کی تجویز کی بھی حمایت کرتے ہیں اس سے سکھ برادری کے ارکان کواپنے مذہبی مقامات کی یاترا کیلئے زیادہ سہولیات میسرآئے گی۔

صدر مملکت نے کہاکہ امن کیلئے اچھے تعلقات ضروری ہے، پاکستان پرامن، محفوظ اور خوش آمدیدکہنے والا ملک ہے، انہوں نے سکھ برادری کے ارکان سے کہاکہ وہ اپنے مذہبی مقامات کے علاوہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ بھی کریں تو انہیں اندازہ ہوگا کہ پاکستانی کتنے مہمان نواز ہیں اورملک کتنا محفوظ ہے۔انہوں نے کہاکہ سال 2013-14 ء میں صرف 15 ہزارسیاح شمالی علاقہ جات میں گئے تھے جبکہ اب 2.5 ملین کے قریب سیاح گلگت بلتستان اوردیگر سیاحتی مقامات جارہے ہیں۔ صدر مملکت نے بیساکھی میلہ میں آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا اوراس امید کااظہارکیا کہ آنے والے برسوں میں سکھ برادری کے مزید ارکان پاکستان آتے رہیں گے اوردوستی کے رشتے مضبوط سے مضبوط ترہوتے جائیں گے۔

اسلام آباد سرینا ہوٹل میں بیساکھی میلہ کی تقریب

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات