وزیراعلیٰ بلوچستان کی جن جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کا اجراء ہوچکا ہے ان کی جلدازجلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2019 00:08

وزیراعلیٰ بلوچستان کی جن جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کا اجراء ہوچکا ہے ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہدایت کی ہے کہ جن جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کا اجراء ہوچکا ہے ان پر عملدرآمد کی رفتار میں اضافہ کرکے ان کی جلدازجلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ترجیحی شعبوں کے نئے منصوبوں کی کاغذی کارروائی مکمل کرکے ان کے ٹینڈرز کا اجراء کیا جائے، وہ ترقیاتی محکموں کے امور کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر محمد خان لہڑی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں نے اپنے اپنے محکموں کے ترقیاتی امور اور منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا، اجلاس میں تربت اور مکران ڈویژن کے دیگر اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تربت میں ڈینگی کے ٹیسٹ کی سہولت، سپرے، ضروری آلات کی فراہمی، ڈینگی پر قابو پانے کی تربیت اور عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم کا فوری آغاز کیا جائے گا جس کے لئے محکمہ خزانہ کودو کروڑ روپے کی گرانٹ کے اجراء کی ہدایت کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ خزانہ نے ڈینگی کے تدارک کے لئے 27لاکھ روپے کا اجراء کیا ہے جس سے تربت اور دیگر علاقوں میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے سپرے اور دیگر اقدامات کئے جارہے ہیں، سیکریٹری صحت کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دوارب روپے کی لاگت سے ادویات کی خریداری کا عمل تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ مالی سال 2017-18ء میں مختص 70کروڑ روپے سے ہسپتالوں کے لئے طبی آلات کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد یہ آلات ہسپتالوں کو فراہم کردیئے جائیں گے، علاوہ ازیں 2018-19ء کے بجٹ میں آلات کی خریداری کے لئے مختص ایک ارب روپے کے فنڈز سے آئندہ مالی سال میں مزید طبی آلات کی خریداری کی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مالی سال سے ادویات کی خریداری ایم ایس ڈی کی بجائے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اوردیہی مراکز صحت کی ضروریات کے مطابق ضلعی سطح پر کی جائے گی جبکہ آئندہ مالی سال میں ہیلتھ موبائل یونٹس بھی بنائے جائیں گے، اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت کے ایک سو جاری اور نئے منصوبوں کے لئے اب تک ایک ارب 30کروڑ روپے کا اجراء کیا گیا ہے جن میں ہسپتالوں اور مراکز صحت کی بہتری کے منصوبے شامل ہیں، سیکریٹری محکمہ تعلیم نے اجلاس کو وزیراعلیٰ انیشیٹیو کے تحت شیلٹر لیس اسکولوں، مڈل ہائی اور ماڈل اسکولوں میں ضروریات اور بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کے جاری منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا، سیکرٹری محکمہ پی ایچ ای نے اجلاس کو محکمہ کے جاری اور نئے منصوبوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 79 منصوبوں کے ٹینڈر کئے جاچکے ہیں جبکہ 84منصوبوں کے ٹینڈر جلد کردیئے جائیں گے جن پر لاگت کا تخمینہ 616ملین روپے ہے، سیکریٹری آبپاشی کی جانب سے اجلاس کو سو ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاگیا کہ منصوبے کے تحت 78ڈیم مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ دیگر پر کام جاری ہے، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر حب کینال سے پانی کی چوری کی موثر روک تھام اور حالیہ بارشوں سے ڈیموں میں پانی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی ترقیات، محکمہ خزانہ اور دیگر ترقیاتی محکموں کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کے فوری آغاز کی ہدایت کی۔