پشاور دھماکوں سے لرز اٹھا، شہر بھر میں شدید خوف و ہراس

خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹوں سے شدید جھڑپ جاری، شہر بھر میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں کے باعث عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے

muhammad ali محمد علی منگل 16 اپریل 2019 00:37

پشاور دھماکوں سے لرز اٹھا، شہر بھر میں شدید خوف و ہراس
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل 2019ء) پشاور دھماکوں سے لرز اٹھا، شہر بھر میں شدید خوف و ہراس، خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹوں سے شدید جھڑپ جاری، شہر بھر میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں کے باعث عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے پر شہری علاقے میں واقعہ ایک گھر کا گھیراو کیا۔ اس دوران گھر میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی جس کے باعث ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق گھر میں 7 سے 8 دہشت گرد موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی گھنٹوں سے جاری جھڑپ کے دوران شہر بھر میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گھر میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر راکٹ فائر کیے گئے ہیں، جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھی گھر پر جوابی راکٹ فائر کیے ہیں۔ اسی باعث شہر دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا ہے۔ اس تمام صورتحال میں پشاور کے شہری شدید خوف زدہ ہیں۔