نیوزی لینڈ کی مساجد میں فائرنگ کی وڈیو شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار افراد کو قتل کی دھمکیاں

منگل 16 اپریل 2019 10:20

ویلنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) نیوزی لینڈ کی مساجد میں فائرنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار افراد کو قتل کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکومت نے مذکورہ وڈیوز کو پاس رکھنے یا سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی عائد کی تھی جس کی خلاف ورزی پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ان افراد کو گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں پیشی کے موقع پر وکیل استغاثہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے کچھ کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔عدالت نے 6 میں سے 3 ملزمان کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے انہیں خبر دار کیا کہ کسی بھی قانون شکنی پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عدالت نے مزید خبر دار کیا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے۔ ملزمان کو سزا دینے کے لئے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔گرفتار ہونے والے ایک 18سالہ ملزم کے فون میں فائرنگ کا نشانہ بننے والی ایک مسجد کی تصویر کا کیپشن ’’ٹارگٹ ایکوائرڈ‘‘ لکھا گیا تھا۔