روز پاکستان میں نیا تجربہ کیا جا رہا ہے،صدارتی نظام کے قائل نہیں ہیں. آصف علی زرداری

جعلی اکاﺅنٹس کیس میں پیش نہ ہونے پر 3ملزمان ضمانت وارنٹ جاری ‘سماعت29اپریل تک ملتوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2019 10:55

روز پاکستان میں نیا تجربہ کیا جا رہا ہے،صدارتی نظام کے قائل نہیں ہیں. ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اپریل۔2019ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں پیش نہ ہونے والے 2 ملزمان کے قابل ضمانت اور ایک ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں . اس کے علاوہ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ملک ریاض کے داماد زین ملک اور دیگر ملزم شہزاد کی حفاطتی ضمانت کے لیے پیش کیے جانے والے 10 لاکھ روپے کے سیکورٹی بانڈز منظور کرلیے.

عدالت نے ضمانت کی استدعا کرنے والی دیگر 3 ملزمان کو اپنی درخواست عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جس پر سماعت 29 اپریل کو ہوگی.

(جاری ہے)

علاوہ ازیں عدالت نے اشتہائی ملزم عدنان جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور بیرون ملک فرار ہونے والے اعظم وزیر اور ناصر لوتھا کی ٹریول ہسٹری بھی طلب کی ہے. نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کچھ ملزمان کی عدم پیشی کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا، جس پر عدالت نے کراچی جیل میں قید 5 ملزمان پیش نہ کرنے پر چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی‘عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی ملزمان کو پیش نہ کیا تو متعلقہ حکام کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیا جائے گا‘علاوہ ازیں نیب نے بتایا کہ انہیں ملزم خواتین کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستیں مل گئی.

دوران سماعت سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئیں. خیال رہے کہ انہوں نے عدالت میں حفاظتی ضمانت کے لیے مچلکے جمع کرانے کی درخواست دی تھی لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست التوا کا شکار ہے جس پر عدالت نے ان کی درخواست پر کارروائی آئندہ سماعت تک روک دی. دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے کیس کا ریکارڈ حاصل کرکے کراچی سے اسلام آباد میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو منتقل کردیا ہے جس کی وجہ سے انہیں ملزمان کے خلاف ریفرنس کی کاپیاں ترتیب دینے کے لیے وقت درکار ہے.

انہوں نے عدالت میں ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی جو منظور کرلی گئی. ریفرنس کی کاپیاں پیش ہونے کی صورت میں آئندہ سماعت پر عدالت ملزمان پر فرد جرم عائد کرسکتی ہے‘تفتیشی افسر نے بتایا کہ کیس کے ایک ملزم اقبال آرائیں کا انتقال ہوچکا ہے جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مرحوم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا حکم دیا. عدالت نے جعلی اکاﺅنٹ کیس کی سماعت 29 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی.

بعد ازاں عدالت کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے صدارتی نظام سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دیکھ لیں اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں. انہوں نے کہ پاکستان میں نیا تجربہ کرنے کی کوشش ہے، ہم تو اس کے قائل نہیں، کوشش کرنے دو ان کو ہم اس کو روکنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ حالات بدتر سے بدتر ہوتے جارہے ہیں. سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ روز پاکستان میں نیا تجربہ کیا جا رہا ہے، پاکستان کے حالات بد سے بدترین کی طرف جا رہے ہیں‘انہوں نے صدارتی نظام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہم تو صدارتی نظام کے قائل نہیں ہیں، کوشش کرنے دیں انہیں ہم روکیں گے .