التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن (AIDM) کے بیچ 2017 اور2018 کی تقریبِ تقسیم اِسناد کراچی میں منعقد ہوئی

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ انھوں نے 144 گریجویٹ ہونے والے ڈاکٹروں کو ڈگریاں اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز تقسیم کیے

منگل 16 اپریل 2019 11:34

التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن (AIDM) کے بیچ 2017 اور2018 کی تقریبِ تقسیم ..
اسلام آباد  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل2019ء) التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن (AIDM) کے بیچ 2017 اور2018 کی تقریبِ تقسیم اِسناد کراچی میں منعقد ہوئی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ انھوں نے 144 گریجویٹ ہونے والے ڈاکٹروں کو ڈگریاں اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں میڈلز تقسیم کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباء اور اُن کے والدین کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کانووکیشن کا موقع طلباء کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ اُن کے تعلیم کی کامیاب تکمیل اور پیشہ ورانہ زندگی کی شروعات کا غماز ہے جس کا دارومدار انسانیت کی خدمت ہے۔

انھوں نے گریجویٹ ہونے والے طلباء کو کہا کہ وہ بہترین کردار اور زندگی میں مثبت سوچ رکھیں اور قومی مفادات کے لیے ذاتی مفاد کی قربانی دینے سے دریغ نہ کریں۔

(جاری ہے)



    مہمانِ خصوصی نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آفاقی علم کو دنیاوی علم پر فوقیت دینی چاہیے اور ان دونوں کے امتزاج سے دانائی حاصل ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے غلط معیارات کے بجائے ایسے اقدامات اپنانے چاہئیں جن سے معاشرے کو فائدہ حاصل ہو۔

انھوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے کمیونٹی ڈینٹسٹری میں بھی حصّہ لے رہا ہے۔

    قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطبہ میں، پروفیسر ڈاکٹر محمد حسنین سکرانی، پرنسپل التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن نے طلباء کو اس اہم سنگِ میل کی تکمیل پر مبارکبادپیش کی۔ پرنسپل نے کہا کہ التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن FCPS کے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کے تحت کا میابی سے چلا رہا ہے اور تمام تربیتی پروگرامزپاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) سے منظور شدہ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ڈی پروگرامز بھی Karonlinska Institute Medical University سویڈن کے تعاون سے جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جامعات پر یہ عظیم ذمّہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اعلیٰ گریجویٹ طلباء بنائیں جو کہ معاشرے کی بہتری کے لیے کام کریں۔ اسی تناظر میں التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن بھی بہترین گریجویٹ مہیّا کرنے کے لیے پُر عزم ہے جو کہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

    تقریب میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ، تعلیمی شعبہ کے سینئر افسران، نیول افسران اور گریجویٹ ہونے والے ڈاکٹرز کے والدین نے شرکت کی۔