دُبئی: غیر مُلکی کارکن نے معمولی بات پر بزرگ کو فرائنگ پین مار کر ہلاک کر دیا

ملزم کے مطابق 63 سالہ بزرگ نے لوگوں کے سامنے اُس کا مذاق بنایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 اپریل 2019 12:41

دُبئی: غیر مُلکی کارکن نے معمولی بات پر بزرگ کو فرائنگ پین مار کر ہلاک ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک غیر مُلکی ملازم نے اپنے ہم وطن بزرگ کو معمولی سی بات پر فرائنگ پین مار کر شدید زخمی کر دیا، جس سے بزرگ زندگی سے محروم ہو گیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم اور بزرگ دیگر کئی لوگوں کے ساتھ ایک مشترکہ اپارٹمنٹ میں مقیم تھے۔ وقوعہ کے روز ملزم نے 63 سالہ شخص کے سر پر فرائنگ پین دے مارا جس سے اُسے برین ہیمرج ہو جانے کے باعث اُس کی موت واقع ہو گئی۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وقوعہ کے روز مقتول نے ملزم کی غیر موجودگی میں دیگر لوگوں کے سامنے اُس کا مذاق اُڑایا تھا اور اُسے ایک ’کُتے‘ کی مانند قرار دیا تھا۔ جب ملزم اپنی رہائش گاہ پر واپس آیا تو اُسے ایک ساتھی نے مقتول بزرگ کے اس فعل کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

ساری بات سُنتے ہی ملزم شدید طیش میں آ گیا۔ وہ کمرے میں گیا، جہاں بزرگ شخص گہری نیند سو رہا تھا۔

ملزم نے اُسے جگایا اور پھر ایک زور دار مُکا اُس کے چہرے پر دے مارا۔ جس کے جواب میں بزرگ نے بھی اُسے مکا رسید کیا۔ اس کے بعد ملزم سیدھا کچن میں گیا اور وہاں سے ایک فرائنگ پین اُٹھا لایا اور بزرگ کے سر پر زور سے مار دیا۔ جس کی ضرب کی تاب نہ لاتے ہوئے بزرگ بے ہوش ہو گیا۔ اس کے بعد ملزم نے بے سُدھ پڑے بزرگ کے ہاتھ پیر باندھے اور اپارٹمنٹ سے باہر نکل گیا۔ بعد میں ملزم نے اپارٹمنٹ میں مقیم ایک شخص کو فون کر کے پوچھا کہ دیکھے بزرگ کہیں مر تو نہیں گیا۔ جب اُس کے ساتھی نے بزرگ کو چیک کیا تو وہ وفات پا چکا تھا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو سزائے موت سُنا دی گئی ہے۔ دُوسری جانب مقتول کے ورثاء نے بھی ملزم کو دیت کے بدلے معاف کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :