مشرف دور میں شہباز شریف اور نواز شریف کی آپس میں ڈیل ہوئی تھی

معروف صحافی نے پوری کہانی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اپریل 2019 13:08

مشرف دور میں شہباز شریف اور نواز شریف کی آپس میں ڈیل ہوئی تھی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتےہوئے سینئیر صحافی عامر متین نے کہا کہ سلیمان شہباز ہمارے پروگرام میں نہیں آتے وہ صرف اپنے منظور نظر چینلز کے پروگرام میں جاتے ہیں۔ شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا کہ جن لوگوں نے میرے اکاؤنٹس میں پیسے منتقل کیے میں ان میں سے کسی کو نہیں جانتا۔

یہ ٹھیک ایسے ہی ہے جیسے سندھ میں آصف علی زرداری کے اکاؤنٹ میں ایک فالودے والے نے اربوں منتقل کر دئے اور انہوں نے بھی یہی کہا کہ مجھے نہیں معلوم۔ پھر کہا جاتا ہے میڈیا پر ہماری پگڑیاں اُچھالی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاکھ منع کر لیں لیکن ان کے اکاؤنٹس میں پیسے تو آ رہے ہیں اور نیب کے پاس کئی ایسے ثبوت ہیں جو ناقابل تردید ہیں۔

(جاری ہے)

عامر متین نے کہا کہ ایون فیلڈ کے معاملے پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ جائیداد میاں شریف کی تھی اور یہ بات بھی سننے میں آئی کہ وہ اپنی ساری جائیداد حسن نواز کو دے گئے تھے لیکن دراصل یہ ڈیل تھی، اور ڈیل یہ تھی کہ جس طرح اسے نوے کی دہائی میں ایک مل سے دو اور دو سے 56 ہو گئی تھیں، ڈیل یہ تھی کہ آپ اُن شئیرز میں سے سعودی عرب اور لندن والا لے لیں ہم دس سال میں یہاں سے پاکستان میں بنا لیں گے۔

اسی کے تحت انہوں نے انڈے مرغیوں سمیت کوئی انڈسٹری ایسی نہیں چھوڑی جس میں انہوں نے ہاتھ نہ ڈالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو ان کی خواتین کو نوٹسز بھیجنے کے معاملے پر کسی طور بھی دفاعی پوزیشن میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جب اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے لیے خواتین کو استعمال کیا جاتا ہے تو وہ بھی ملزمہ ہیں، جُرم میں جنس کا کوئی فرق نہیں ہوتا۔

شریف خاندان کا یہی طریقہ رہا ہے کہ یہ شروع سے لے کر آج تک خواتین کا نام استعمال کرتے ہیں۔ پروگرام میں موجود رؤف کلاسرا نے کہا کہ سلیمان شہباز نے اکاؤنٹ میں پیسے آنے پر لاعلمی کا اظہار کیا تو آپ کو کیا لگتا ہے کہ شہباز شریف کی پہلی اہلیہ کو علم ہو گا کہ ان کے اکاؤنٹ سے شہباز شریف کی تیسری اہلیہ کے لیے فلیٹس خریدے گئے ہیں۔ رؤف کلاسرا نے کہا کہ میرے خیال میں کہ نصرت شہباز کو اس بات کا قطعی علم نہیں ہو گا کہ میرے اکاؤنٹ سے میرے ہی نام سے پیسے ٹرانسفر کر کے میری سوکن کے لیے تین فلیٹس خریدے گئے ہیں۔ بہرحال یہ الگ کہانی ہے۔