ہائیکورٹ نے قصور کی مختلف یونین کونسلز کے ترقیاتی ٹینڈرز روکنے کا اقدام کالعدم قرار دیدیا

کام جاری رکھنے کا حکم ،آئندہ سماعت پر محکمہ بلدیات اور چیف ایگزیکٹو قصور سے رپورٹ طلب کر لی گئی

منگل 16 اپریل 2019 13:33

ہائیکورٹ نے قصور کی مختلف یونین کونسلز کے ترقیاتی ٹینڈرز روکنے کا اقدام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے قصور کی مختلف یونین کونسلز کے ترقیاتی ٹینڈرز روکنے کا اقدام کالعدم قرار دیکر کام جاری رکھنے کا حکم دیدیا ،عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ بلدیات اور چیف ایگزیکٹو قصور سے رپورٹ طلب کر لی۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے یونین کونسلز کے چیئرمینوں کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر رانا خضر حیات پیش ہوئے اور بتایا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کے جاری کردہ ٹینڈرز کو روک دیا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کام تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں، جاری کردہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کو رکنا قانون کے منافی ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز بحال کرنے کا حکم دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے کام روکنے کا اقدام کالعدم قرار دیتے ہوئے کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے لوکل گورنمنٹ اور چیف ایگزیکٹو قصور سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔