دُبئی: جائے واردات پر موجود پانی کی بوتل نے ملزم پکڑوا دیئے

دونوں ملزمان نے ایک گودام سے 20 لاکھ درہم کی الیکٹرک کیبلز چُرائی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 اپریل 2019 13:50

دُبئی: جائے واردات پر موجود پانی کی بوتل نے ملزم پکڑوا دیئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل 2019ء) چور کتنا بھی ہوشیار کیوں نہ ہو، کوئی نہ کوئی سُراغ چھوڑ ہی جاتا ہے۔ ایسا ہی معاملہ دُبئی کے ایک گودام سے لاکھوں درہم کی الیکٹرک کیبلز چُرانے والوں کے ساتھ ہوا۔ ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھنے والے دو چوروں نے جبلِ علی کے گودام سے 20 لاکھ درہم کی مالیت کی الیکٹرک کیبلز چُرائیں اور بڑے اطمینان سے فرار ہو گئے کہ اُنہوں نے اپنی دانست میں پولیس کے لیے کوئی سُراغ نہیں چھوڑا تھا۔

مگر اُن سے ایک سنگین غلطی ہو گئی۔ ایک ملزم نے پانی کی ایک بوتل استعمال کرنے کے بعد وہیں پھینک دی۔ جب پولیس کی ٹیم نے وہاں پڑی بوتل کو قبضے میں لے کر اُس پر موجود فنگر پرنٹس چیک کیے تو ایک ایسے شخص کا پتا چل گیا جو اس سے پہلے بھی دو بار چوری کے مقدمے میں سزا کاٹنے کے بعد امارات سے ڈی پورٹ کیا جا چکا تھا، مگر اس کے باوجود وہ کسی نہ کسی طرح جعل سازی سے کام لے کر ایک بار پھر دُبئی میں آ گیا تھا۔

(جاری ہے)

جہاں اُس نے ایک اور شخص کے ساتھ مل کر لاکھوں درہم مالیت کی الیکٹرک کیبلز چوری کرنے کی واردات انجام دی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تو اُس نے بتایا کہ وہ اور اُس کا ساتھی گودام کھُلا دیکھ کر اندر چلے گئے تھے اور وہاں موجود سامان لُوٹ لیا۔ عدالت کی جانب سے دونوں ملزمان کو دو دو سال قید کی سزا دی گئی۔ اس کے علاوہ دونوں کو سزا کی مُدت ختم ہونے کے فوری بعد ڈی پورٹ بھی کر دیا جائے گا۔ جبکہ تیسرا ملزم جس نے باقی دونوں ملزمان سے یہ جانتے بُوجھتے ہوئے بھی کہ یہ سامان چوری کا ہے، کیبلز خرید لی تھیں، اُسے ایک سال قید اور ڈی پورٹ کی سزا سُنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :