ڈی پی او مانسہرہ نے غیر قانونی پنچائیت کے ذریعہ نوبیاہتا جوڑے پر جرمانہ عائد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا

منگل 16 اپریل 2019 15:02

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ نے بالاکوٹ کے موضع ست بنی میں مبینہ طور پر غیر قانونی پنچائیت بٹھا کر قانونی تحفظ حاصل کرنے والے نوبیاہتا جوڑے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ حکومتی پابندی کے باوجود غیر قانونی طور پر جرگوں کے انعقاد کی کوئی گنجائش موجود نہیں، ضلعی پولیس آفیسر زیب الله خان نے میڈیا میں تفصیلات سامنے آنے پر کارروائی کا حکم جاری کرتے ہوئے تھانہ جات سرکل بالاکوٹ کے ڈی ایس پی اور تھانہ بالاکوٹ کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ست بنی کے رہائشی نوجوان یاسر ولد حبیب الله نامی شخص نے پسند کی شادی کرنے کے بعد عدالت سے تحفظ بھی مانگا تھا جس پر مقامی افراد اور لواحقین دونوں نوبیاہتا جوڑے کو منا کر واپس گائوں لے آئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ست بنی گائوں کے چند افراد نے عدالتی فیصلہ کو چیلنج کر کے اپنی پنچائیت بٹھا دی اور پسند کی شادی کرنے والوں پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ مقامی افراد کی جانب سے احتجاج اور میڈیا میں سامنے آنے والی خبروں کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زیب الله خان نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی بالاکوٹ اور ایس ایچ او بالاکوٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔