Live Updates

تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جن سکولوں میں اساتذہ کم ہیں وہاں ان کمی دور کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے،

کوئی طالب علم داخلے سے محروم نہیں رہنا چاہیے، محکمہ تعلیم کے ذمہ داران مسائل حل کریں اور سرکاری سکولوں میں طلبہ کی حاضریوں کو یقینی بنایا جائے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کی وفود سے گفتگو

منگل 16 اپریل 2019 16:28

تعلیمی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جن سکولوں میں اساتذہ ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہاہے کہ تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جن جن سکولوں میں اساتذہ کم ہیں وہاں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کی ہدایا ت دی گئی ہیں، کوئی طالبہ یا طالب علم داخلے سے محروم نہیں رہنا چاہیے، محکمہ تعلیم کے ذمہ داران مسائل حل کریں اور سرکاری سکولوں میں طلبہ کی حاضریوں کو یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنر ہاوس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو بڑا معاشی اصلاحاتی پیکیج دے رہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اپنے دورے کے موقع پر کریں گے، عوام مطمئن رہیں ان کے مسائل پر وفاقی حکومت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کی سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر وں کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، گلگت بلتستان میں ہم نئے اضلاع بنائیں گے، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، وزیر اعظم علاقائی مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں،علاقائی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ دورے پر ڈسٹرکٹ بار کے دفتر کا دورہ کیا جائیگا اور وکلاء کے مسائل سنیں گے،عوام اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کریں اور بدامنی سے پرہیز کریں کیونکہ علاقے کو ماضی میں بد امنی سے بہت نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے بحران پر محکمہ برقیات کے حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کر لی گئی ہے، وزیر اعظم کو بجلی کے سنگین بحران سے آگاہ کریں گے ،شتونگ نالہ کو سدپارہ ڈیم میں شامل کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے اور منصوبے کا پی سی ون بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض لوگ منفی سیاست کے ذریعے علاقے کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اور وفاقی حکومت کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور فنڈز کی کٹوتی بارے منفی پروپیگنڈے کر رہے ہیں عوام منفی پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات