Live Updates

سعودی عرب پاکستان اور اس کی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان دنیا میں سٹریٹیجک اور پولیٹیکل اہمیت رکھتا ہے،

سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے،خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود،امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی عوام کی طرف سے محبت کا پیغام لیکر آیا ہوں امام کعبہ شیخ عبد اللہ عواد الجہنی کی قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو سعودی عرب نے ہمیشہ مسلم ریاستوں کے درمیان تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کیا ، ہر پاکستانی سعودی عرب کی مقدس سرزمین کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے ، چودھری پرویز الٰہی

منگل 16 اپریل 2019 19:01

سعودی عرب پاکستان اور اس کی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان ..
لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) امام کعبہ شیخ عبد اللہ عواد الجہنی نے کہا ہے کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود، امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کی عوام کی طرف سے محبت کا پیغام لیکر آئے ہیں، سعودی عرب پاکستان اور اس کی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وہ منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں سٹریٹیجک اور پولیٹیکل اہمیت رکھتا ہے جبکہ امیر محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے،امام کعبہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو اپنے حفظ و ایمان میں رکھے اور اسے امن و استحکام کا گہوارہ بنائے۔

امام کعبہ نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے ان کے پاکستان کے کامیاب دورہ میں کردار کو سراہا۔ امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہے جبکہ دونوں ممالک امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کر رہے ہیں اور ہر سازش کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، امت مسلمہ کو اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، پاکستان مسلم اتحاد کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا ۔

انہوںنے کہا کہ سعودی عرب اور حرم پاک کی مقدس سرزمین امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا دنیا میں بھائی چارے کے فروغ اور مسلم اتحاد میں اہم کردار ہے۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سعودی پرنس محمد بن سلمان کا حالیہ پاکستان کا دورہ پاکستان سے محبت کا اظہار ہے،جبکہ حج کوٹہ میں اضافہ اور وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے انہوں نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز پاکستانیوں کے دلوں میں رہتے ہیں جنہوں نے اس وقت پاکستان کا دورہ کیا جب چودھری شجاعت حسین ملک کے وزیر داخلہ تھے جو کہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔قائمقام گورنر نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مسلم ریاستوں کے درمیان تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سعودی عرب کا امت مسلمہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے بھی اہم رول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی سعودی عرب کی مقدس سرزمین کی حفاظت کیلئے پر عزم ہے۔قبل ازیں امام کعبہ شیخ عبد اللہ عواد الجہنی اور قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان گورنر ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر امام کعبہ نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کیلئے خصوصی دعا کی۔ صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، بائو محمد رضوان، پیر سید سعید الحسن شاہ سمیت سعودی سفیر نواف سعید المالکی، رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین، راسخ الٰہی، ڈاکٹر طاہر اشرفی، مذہبی رہنمائوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات