وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ گوجرانوالہ ،فرائض سے غفلت ،رشوت کی شکایت پر 5افسر معطل ،انکوائری شروع

فرائض سے غفلت برتنے کی عوامی شکایات پرسی ای او ایجوکیشن ،تحصیلدارصدر اور سب رجسٹرار(رورل) کو معطل کر دیا گیا سنٹرل جیل گوجرانوالہ کے دورے کے دوران رشوت کی شکایت پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل او روارڈرن بھی معطل عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں حائل ہونے کی اجازت نہیں،خدمت نہ کرنیوالے عہدے پر نہیں رہیں گی:عثمان بزدار

منگل 16 اپریل 2019 21:09

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ گوجرانوالہ ،فرائض سے غفلت ،رشوت کی شکایت ..
لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دورہ گوجرانوالہ کے دوران فرائض سے غفلت، رشوت ستانی اور عوامی شکایات پر 5افسران کو معطل کردیاگیا،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے کی عوامی شکایت پر گوجرانوالہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرایجوکیشن فاروق کو عہدے سے ہٹا کر معطل کر دیا گیا اور تحصیلدار(گوجرانوالہ صدر) خواجہ ندیم اور سب رجسٹرار(رورل)انصر صغیر خان کو بھی معطل کر دیا گیا-معطل افسران کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیاہی-سنٹرل جیل کے دورے کے دوران رشوت ستانی کی شکایت پر انچارچ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور وارڈرن فیصل کو معطل کر دیا گیا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی خدمت کے ایجنڈے میں کسی کوبھی حائل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو افسر عوام کی خدمت نہیں کرے گا وہ عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا -مجھے صرف عوام کا مفاد عزیز ہی-تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گکھڑ منڈی میں زیرتعمیر گکھڑ سپورٹس ارینا کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے زیرتعمیر گکھڑ سپورٹس ارینا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا تقریباً 37 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ سپورٹس ارینا میں کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کے گرائونڈز بنائے جا رہے ہیں۔ سپورٹس ارینا میں جمنیزیم، ٹینس، باسکٹ بال کورٹ، والی بال کورٹ اور دیگر کھیلوں کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے گکھڑ سپورٹس ارینا کے زیر تعمیر کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیراتی کاموں کی کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا کی تعمیر سے علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ نئے پاکستان میں نوجوانوں کیلئے کھیل کے مواقع کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

سیکرٹری سپورٹس نے وزیراعلیٰ کو سپورٹس ارینا کی تعمیر سے متعلق امور سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ گکھڑ سپورٹس ارینا 55 کنال اراضی پر بنایا جا رہا ہے۔ مشیر اکرم چوہدری، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاںوزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے جنرل بس سٹینڈ گوجرانوالہ میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ کا دورہ کیا اور پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والے سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پناہ گاہ کا پروگرام صلہ رحمی کی ایک مثال ہے۔فٹ پاتھ اور سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پنجاب کے ہر ضلع میں پناہ گاہیں تعمیر کی جا رہی ہیں جہاں قیام پذیر افراد کو کھانے کے ساتھ طبی سہولتیں بھی دی جاتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جنرل بس سٹینڈ پر ٹریولر آئی سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔

جنرل پس سٹینڈ پر پناہ گاہ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کے لئے فیزیبلٹی رپورٹ کاجائزہ لیں گے ، نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا، بیوروکریسی کے تبادلے حکومت کا اختیار ہے جوپرفارم نہیں کرے گا تبدیل کر دیا جائے گا ، جہاں مسئلہ نظر آئے گا ردوبدل ہوگا -وزیراعلیٰ نے کہاکہ پورے پنجاب ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کی نگرانی خود کروں گا-وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر آڈٹ رپورٹ جاری کروانے اور کاروائی کی ہدایت بھی کی - وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار محکمہ سماجی بہبود کے زیرانتظام ماڈل چلڈرن ہوم پہنچ گئے اورماڈل چلڈرن ہوم میں قیام پذیر بچوں سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے بچوں اور بچیوں سے گفتگوبھی کی۔وزیراعلیٰ نے بچوں اور بچیوں کیلئے پاکٹ منی میں اضافے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بیمار بچوں کیلئے ڈاکٹر کا انتظام کیا جائی-ہمارا اپنا بچہ بیمار ہو تو رات بھر نیند نہیں آتی۔ یہ بھی کسی کے بچے ہیں۔ ان کی اپنے بچوں کی طرح دیکھ بھال ہونی چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے بچوں کو سیر وتفریح کیلئے لے جانے کی ہدایت کی۔

ان بچوں کیلئے تفریح بہت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی جیب سے ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم بچوں کو میکڈونلڈز میں کھانے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے گوجرانوالہ سنٹرل جیل کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے مسائل دریافت کئے۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے آنے والے ملاقاتیوں سے بھی گفتگو کی۔ملاقاتیوں کی جانب سے رشوت کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا- وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وارڈن فیصل اور انچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کو بھی معطل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے جیل میں پی ٹی سی ایل فون کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے بات چیت کرنے والے قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ خواتین وارڈ میں گئے اور ٹیوٹا کے زیر اہتمام سلائی کڑھائی سیکھنے والی خواتین قیدیوں سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے قیدی خواتین کی رضامندی سے ان کے بچوں کو ماڈل چلڈرن ہوم میں داخل کرانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے سلائی کڑھائی اور بیوٹیشن کا کورس مکمل کرنے والی خواتین قیدیوں میں بھی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں کی بیرک میں روم کولر لگانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے سنٹرل جیل میں قیدی خواتین کیلئے لٹریسی سنٹر کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے جیل کے واش رومز کی صفائی کے انتظامات بھی دیکھے۔وزیراعلیٰ مرد قیدیوں کی بیرکس میں بھی گئے ۔

وزیراعلیٰ نے مرد قیدیوں سے ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قیدیوں کو وقت پر کھانا اور کھیلوں کی سہولت بھی دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے قیدیو ںکیلئے کرکٹ کے لئے درکار سامان مہیا کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے ہائی سکول میں قیدی بچوں سے بھی ملاقات کی اور قیدی بچوں سے ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جن قیدی خواتین کے پاس وکیل نہیں، انہیں وکیل کرکے دیں گے۔

قیدیوں کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ جیل کے عملے کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکٹ ہائوس گوجرانوالہ میں کے ٹی ماڈل سکول میں حادثے کے دوران جاں بحق ہونے والے 5بچو ں اور خاتون کے لواحقین کو 10 ،10لاکھ روپے کی مالی امداد کے چیک دئیے گئے -وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے تعلیمی اداروں کی خستہ حال عمارتوںمیں تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی-ہمیں اپنے بچوں کی زندگی عزیز ہی-سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کاسروے کرایا جارہاہے ، وزیراعلیٰ نے کہاکہ غفلت کے مرتکب افراد قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیں گی-