لاہور، صاف پانی کمپنی کیس کے ملزمان انجینئر راجہ قمرالسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل وغیرہ کے کیس کی سماعت 9 مئی تک ملتوی

منگل 16 اپریل 2019 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2019ء) احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے صاف پانی کمپنی کیس کے ملزمان انجینئر راجہ قمرالسلام اور سابق سی ای او وسیم اجمل وغیرہ کے کیس کی سماعت 9 مئی تک ملتوی کر دی ۔ قمر السلام اور وسیم اجمل سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔قمر السلام اور وسیم اجمل سمیت دیگر ملزمان میں ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کی جا چکی ہیں جبکہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا حکم دے رکھا ہے ۔

صاف پانی کمپنی کیس میں قمر السلام اور وسیم اجمل سمیت 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے ۔ملزمان پر 34 کروڑ روپے سے زائد کی خوربرد کے الزام میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے ۔ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر 84واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے ۔

(جاری ہے)

نیب کا کہنا ہے کہ واٹر پلانٹس میں 56ریورس آسموسز پلانٹس تھے جبکہ 28 الٹرا فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں۔

واٹر پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے، جن میں حاصل پور، منچن آباد، خان پور اور لودھراں شامل ہیں۔ملزم انجینئر قمرالسلام راجہ نے بدنیتی کے ذریعے بڈنگ کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا۔ملزم کی جانب سے کے ایس بی پمپس نامی کمپنی کو مہنگے داموں ٹھیکہ دیا گیا ۔ملزم قمر السلام راجہ پروکیورنمنٹ کمیٹی کے انچارج ہوتے ہوئے مہنگے داموں کے ایس بی پمپس کا ٹھیکہ منظور کیا۔

ملزم نے مبینہ طورپر 102واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ کے ایس بی پمپس کو مہنگے داموں دیا اور 102واٹر پلانٹس کا ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظور کروایا بلکہ ٹھیکے کے کاغذات میں بعد ازاں تبدیلیاں بھی کیںملزم وسیم اجمل پر پراجیکٹ بڈنگ کے بعدغیر قانونی طورپر صاف پانی کمپنی کے کاغذات میں تبدیلیاں کرنے کا الزام ہے ۔