لاہورسمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کل موسم خشک و گرم رہے گا،

گلگت بلتستان اورکشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

بدھ 17 اپریل 2019 13:11

لاہورسمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کل موسم خشک و گرم رہے گا،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر اضلاع سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کل جمعرات کے روز موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان اورکشمیر کے چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

کئی شہروں میں گندم کی فصل تباہ ہوگئی جبکہ لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور انڈر پاسز پر پانی کھڑا ہوگیا۔ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بھی متاثر رہا جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر بادل برستے رہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے جبکہ منڈی بہائو الدین میں تیز بارش سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا، جھنگ میں بھی بارش سے کاروبار زندگی متاثر ہوا۔

قصور، ظفروال، پتوکی، شور کوٹ، چنیوٹ، ہارون آباد اور دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ اس صورت حال میں محکمہ موسمیات کے ما ہرین نے کسانوں کو خبر دار کیا ہے کہ کاشتکار حضرات اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ ، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں ، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ کوئٹہ، ژوب، سبی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

سب سے ز یادہ بارش خیبرپختونخواہ، مالم جبہ65، دیر بالائی62، زیریں34، میرکھانی55، ڈی آئی خان40، کالام37، پاراچنار35، چراٹ31، سیدوشریف30، پشاور ائیرپورٹ30، سٹی28، پٹن29، دروش26، بنوں21، چترال20، بالاکوٹ11، کاکول10، پنجاب: اسلام آبادسیدپور59، زیروپوائنٹ40، گولڑہ17، ائیرپورٹ13، بوکرہ09، راولپنڈی شمس آباد26، چکلالہ10، لاہورسٹی43، ائیرپوٹ29، گوجرانوالہ40، خانیوال38، نورپورتھل37، جھنگ34، قصور33، گجرات، حافظ آباد28، سیالکوٹ ائیرپورٹ25، کینٹ13)، لیہ22، منڈی بہائوالدین، ڈی جی خان20، نارووال، سرگودھا18، چکوال، بہاولنگر14، جہلم12، جوہرآباد11، منگلا10، مری، بھکر، رحیم یار خان، خانپور09، اوکاڑہ، ساہیوال08، بہاولپور07، ٹوبہ ٹیک سنگھ06، ملتان02، کوٹ ادو01، سندھ: پڈعیدن32، حیدرآباد07، روہڑی، ٹنڈوجام02، سکھر، میرپورخاص، بدین01، کشمیر: راولاکوٹ18، گڑھی دوپٹہ17، مظفرآباد16، کوٹلی08، بلوچستان کے کوئٹہ 16، شیح ماندا13، بارکھان12، ژوب08، سبی06، گلگت بلتستان: گوپس اور استورمیں01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گذ شتہ روز کم سے کم درجہ حرارت لاہور ،فیصل آباد ، ملتان ، سر گودھا میں 29 ، پشاور 22 ، کراچی 31 ، سکھر 27 اسلام آباد 26 کوئٹہ 15 ، چترال میں12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔